سوہاوہ میں 132 کلوواٹ کے نوتعمیر شدہ گرڈسٹیشن کا افتتاح 

3

گوجر خان،07جون  (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان  اوروزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت وتوانائی بلال اظہر کیانی نے سوہاوہ میں 132 کلوواٹ کے نوتعمیر شدہ گرڈسٹیشن کا افتتاح  کردیا ۔یہ منصوبہ  39 کروڑ10 لاکھ روپے کی لاگت سے یہ گرڈ سٹیشن 32 کنال رقبے پر تعمیر کیاگیا ہے جس سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60، سوہاوہ اور اس کے اردگرد کے علاقوں کے 36000 صارفین کو کم وولٹیج اور بجلی کے تعطل کی تکلیف سے مستقل بنیادوں پر نجات ملے گی۔ اس گرڈ سٹیشن کو 500 کلو واٹ کے نیو رواٹ گرڈ سٹیشن اور 132 کلو واٹ کالاگجراں (جہلم) گرڈ سٹیشن سے بجلی کی فراہمی ہوگی۔

 افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرتوانائی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 3800میگاواٹ ملکی ایندھن سے پیدا ہونے والی نئی بجلی سسٹم میں شامل کی ہے، تھر میں 4 سال سے رکے ہوئی بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں، مسلم لیگ (ن) نے ترقی کا سفر دوبارہ شروع کردیا ہے،2018 سے 2022 تک یہاں غریب دشمن اور ترقی دشمن حکومت تھی جس کی نہ کوئی نیت تھی نہ کوئی صلاحیت تھی اور اس کا تباہی اور گالم گلوچ اورمخالفین کو جیلوں میں ڈالنے کا ایجنڈا تھا، عوام اور پارلیمان کی طاقت سے وہ غریب دشمن اور ترقی دشمن حکومت چلی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں موٹرویز اور سڑکوں کے منصوبوں سے عوام کے معیار زندگی میں بہتری آئی ہے اور یہ میاں نواز شریف اور شہباز شریف کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سسٹم اور انتظامی معاملات میں بہتری آئے گی تو بجلی کی قیمت میں بھی کمی ہوگی، آئیسکو کے نقصانات میں کمی آئی ہے ، سسٹم کی بہتری سے جب بجلی کے نقصانات کم ہوں گے  تو اس کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک کو جلانے والوں  کے مقابلے میں  ملک بنانے والے اور اندھیرے پھیلانے والوں کا مقابلہ روشنی بانٹنے والے موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2016 سے اس گرڈ سٹیشن کا آغاز ہونا تھا،بجلی کے ترسیلی منصوبے میں جہاں وولٹیج کی کمی تھی ان میں بہتری لائی گئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام سے وعدہ کیا ہے کہ ہمیں ملک جس حالت میں ملا اس سے بہتر کرکے چھوڑیں گے جس طرح سوہاوہ مجھے ملا اسے بہترکردیا ۔ انہوں نے کہا کہ 10 ارب روپے کی لاگت سے مقامی طور پر تیار کردہ بجلی کی تاریں اس منصوبے میں استعمال کی گئی ہیں اور اس سلسلے کو مزید بڑھایا جائے گا، اس سے قبل یہ تاریں بیرون ملک سے درآمد کی جارہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے 36ہزار صارفین کی زندگی میں آسانی پیدا ہوگی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ چھوٹے صوبوں میں ترقی بھی اتنی ہی اہم ہے جس طرح بڑے صوبوں کی ترقی اہم ہے، پاکستانیوں کے شہریو ں کا مطالبہ ہے کہ بجلی کی قیمت کم ہو اس پر بھی عملدرآمد کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی  بجلی کے ترسیلی نظام  بہتر ہے وہاں پر لائن لاسز کم ہیں۔انجینئر خرم دستگیر نے کہا کہ منیجمنٹ سسٹم صرف بڑے شہروں میں نہیں بلکہ سوہاوہ میں بھی ٹھیک کرنا ہے، پورے ملک میں ترقی کا آغاز گزشتہ ایک سال سے ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں  مقابلہ جلانے والے اوربنانے والوں کے درمیان ہوگا، ایک طرف تو وہ لوگ ہیں جنہوں نے پشاورریڈیوپاکستان کو جلایا اور مویشی منڈی میں 150 جانور زندہ جلا دیئے۔

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت وتوانائی بلال اظہر کیانی نے  کہا کہ گرڈ سٹیشن منصوبے پروزیراعظم اور وزیر توانائی کے مشکور ہیں ، اس گرڈ اسٹیشن کے قیام سے علاقائی ترقی ممکن ہو سکے گی اور مقامی صارفین کو بجلی کے مکمل ویٹیلج مل سکیں گے وزیر اعظم ملکی ترقی کے لئے تمام شعبوں کو دیکھ رہے ہیں۔