ڈیرہ غازی خان:کمشنر کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس،سیلاب کے خدشہ کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ 

4

ڈیرہ غازی خان،07 جون (اے پی پی): ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں سیلاب کے خدشہ کے پیش نظر کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کردیا،کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے پانی میں فرضی مشقیں جاری رکھنے کے ساتھ گزشتہ سیلاب کے شگاف ہنگامی بنیادوں پر بند کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے۔

  کمشنر ڈی جی خان نے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دریاوں اور رود کوہیوں کے حساس مقامات کے مشترکہ سروے کے بھی احکامات جاری کئے اور کہا کہ رود کوہیوں کے قدرتی راستوں اور کاز وے کی فوری صفائی کی جائے،کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے تمام محکمے تیاری کرلیں،ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں سیلاب سے نمٹنے کیلئے میڈیم اور لانگ ٹرم کے منصوبوں کےلئے سفارشات تیار کی جائیں۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام محکموں کو ساتھ لیکر سیلابی علاقوں میں ٹیل تک سروے کرے،سی آر بی سی،ڈی جی،کھچی اور دیگر کینال پر رہ جانے والا کام جلد مکمل کیا جائے۔

چیف انجینئر انہار غلام مصطفی نے بریفنگ میں بتایا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں دو دریاوں اورتیرہ رود کوہیوں سےسیلاب کے خدشات رہتے ہیں تاہم ڈی جی خان اور راجن پور اضلاع میں دریائے سندھ کے ساتھ رود کوہی کے سیلاب بڑی تباہی کرتے ہیں۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان لک ،محمد سلمان لودھی،ڈاکٹر منصور بلوچ ،خالد پرویز،ایڈیشنل کمشنرز کریم بخش ،فخر الاسلام ڈوگر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔