پشاور، 07جون(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت آئندہ بجٹ میں توانائی، صحت، تعلیم سمیت تمام انتظامی و علاقائی مسائل کا حل یقینی بنائے گی، تاکہ عوام کا معیار زندگی بہتر بنایا جاسکے۔
ان خیالات کا اظہار گورنر نے مفتی فضل غفور کی سربراہی میں گورنر کے پی سے ملاقات کیلئے بونیر سے آئے 16 رکنی بلدیاتی نمائندوں، عوامی وفود کی ان سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔
اس ملاقات میں وفد نے گورنر کو بونیرمیں بجلی کی لوڈشیڈنگ، گورنمنٹ گرلز اور بوائز کالجز میں سٹاف کی کمی، بی ایس کلاسز کے اجراء اور بلدیاتی نمائندوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، ساتھ ہی وفد نے بونیر میں سول ہسپتال چملہ کی کٹیگری ڈی میں اپگریڈیشن، زیرتعمیر روڈ کیلئے فنڈز کی عدم فراہمی سے عوام علاقہ کو حائل مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے وفد کو بتایا کہ عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے تمام محکموں میں جلد ہی واضح تبدیلی نظر آئے گی۔
حاجی غلام علی نے مزید کہا کہ نچلی سطح پر عوامی مسائل کے حل کیلئے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات و فنڈز بہت جلد منتقل ہو جائیں گے۔