ملتان،26 جون(اے پی پی ): سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا ہے کہ انٹرنیز کو کپاس کی کاشت کے علاقوں میں بطور ایڈیشنل فیلڈ اسسٹنٹ تعینات کیا جائے گا اور روزانہ کی بنیاد پر ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرن شپ پروگرام پر عملدرآمد کیلئے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ ٹریننگ حاصل کرنےوالے طلبا کو کپاس کی کاشت کے علاقوں میں 3جولائی تک بطور ایڈیشنل فیلڈ اسسٹنٹس تعینات کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیز کو فیلڈ میں کام کرنے سے کاشتکاروں کی فنی رہنمائی کے دوران عملی تربیت حاصل کرنے کے مواقع ملیں گے۔ ٹریننگ کے بعد انٹرنیز کو متعلقہ فیلڈ اسسٹنٹ کے ہمراہ کسانوں کی فنی رہنمائی،پیسٹ سکاوٹنگ،کپاس کی فصل کے معائنہ اور مشاورتی خدمات کیلئے بطور توسیعی کارکن کام کرنے کا موقع ملے گا۔
سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ حکومت پنجاب نے کپاس کی پیداوار بڑھانے کیلئے زرعی تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کیلئے انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کیلئے محکمہ زراعت پنجاب نے 150 ملین روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے تحت انٹرنیز کو 20 ہزار روپے ماہانہ معاوضہ دیا جائے گا،انٹرنیز کو صرف کپاس کی کاشت کی یونین کونسلوں میں فیلڈ اسسٹنٹس کے ساتھ بطور ایڈیشنل فیلڈ اسسٹنٹس کپاس کی نگہداشت و کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے معمور کیا جائے گا۔
اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی، ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس جنوبی پنجاب امتیاز احمد وڑائچ،ڈین فیکلٹی پروفیسر ڈاکٹرشفقت سعید،انٹرن شپ پروگرام میں شامل یونیورسٹیوں کے فوکل پرسنز سمیت کاٹن زون سے ڈویژنل و ڈسٹرکٹ افسران نے آن لائن شرکت کی۔











