اوکاڑہ،26جون(اے پی پی ): جامعہ محمدیہ میں گرمیوں کی چھٹیوں میں بچوں کو احادیث مبارکہ، مسنون دعائیں سکھانے، غسل،وضو اور پاکیزگی حاصل کرنے سے متعلق تربیتی کورسز کی اختتامی تقریب منعقدہوئی ۔
اسسٹنٹ کمشنراوکاڑہ چوہدری غلام مصطفیٰ جٹ، مہتمم جامعہ محمدیہ ڈاکٹر زعیم الدین عابد لکھوی اور ناظم جامعہ محمدیہ حکیم ظفر اللہ قمر لکھوی نے تربیتی کورسز مکمل کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکیزہ زندگی نبی کریم ﷺکے متعین کردہ اصولوں کی پیروی سے حاصل ہوتی ہے،اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد ﷺ کے ذریعے پوری دنیا تک اپنے پیغام کو پہنچایا ہے اب یہ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے کہ ہم حضور اکرم ﷺ کے بتائے ہوئے سنہری اصولوں کے مطابق اپنی زندگی بسر کریں، اپنے بچوں کو سکھائیں کہ ہم نے کس طرح اس دنیا میں ایک با عمل مسلمان کے طور پر زندگی گزارنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ والدین ،بہن بھائیوں اور خاندان والوں سے کس طرح حسن سلوک کرنا ہے ،کیسے کمانا اور کیسے خرچ کرناہے، قرآن و سنت سے جڑے رہنے میں ہی دنیا اور آخرت کی بھلائی ہے۔
ڈاکٹر زعیم الدین عابد لکھوی اور حکیم ظفراللہ قمر لکھوی نے کہا کہ گرمیوں کی چھٹیوں کو طالب علموں کے لئے با مقصد بنانے کے لئے سکولوں کے طالب علموں کو دعوت دی گئی کہ وہ جامعہ محمدیہ میں ان شارٹ کورسز میں مفت داخلہ لیں قرآن وحدیث کے ساتھ ساتھ مسنون دعائیں،وضو کرنے، پاکیزگی حاصل کرنے اور نماز کا طریقہ سیکھیں جس پر بچوں نے داخلہ لیا اور خوش اسلوبی سے یہ شارٹ کورسز مکمل کئے۔
اسسٹنٹ کمشنرغلام مصطفیٰ جٹ نے جامعہ محمد کے طالب علموں کو دینی تعلیم کی طرف راغب کرنے ،انہیں قرآن و حدیث،مسنون دعائیں سکھانے کے ساتھ ساتھ انہیں کمپیوٹر سمیت وفاق المدارس اور درس نظامی کے تحت علمی استعداد بڑھانے کے کورسز کروانے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دنیا اور آخرت کی کامیابی نبی کریم ﷺ کے طریقہ پر زندگی گذارنے پر ہے فہم دین کے لئے جامعہ محمدیہ نے بچوں کو جو دعوت دی ہے وہ بہترین عمل ہے۔
بعد ازاں شارٹ کورسز مکمل کرنے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔











