اٹک، 28جون(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راؤعاطف رضا نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پرعوام کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نےان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس اٹک میں عید الاضحیٰ کی تیاریوں کے سلسلے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پرضلع بھر میں صفائی کے انتظامات پرخصوصی توجہ دی جائے گی۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز، چیف افسران اور متعلقہ عملہ اس سلسلے میں بھرپور کردار ادا کرےگا۔انہوں نے کہا کہ قربانی کےجانوروں کی آلائشیں اٹھانے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو باقاعدگی سے اپنے فرائض سر انجام دیں گی اور آلائشوں کو ٹھکانے لگائیں گی۔اس ضمن میں ضلعی اور تحصیل کی سطح پر کنٹرول رومز بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔
راؤعاطف رضا نے کہاکہ عید الاضحیٰ کے دنوں میں عوام کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیےتمام ہسپتال ہائی الرٹ پر رہیں گے۔مویشی منڈی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نےکہاکہ اس معاملےکو ریلوے کے اعلیٰ حکام کےساتھ اٹھایاجاۓ گا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی جائے گی کہ آئندہ سال ضلعی انتظامیہ اٹک کی جانب سے سابقہ روایات کے مطابق مویشی منڈی لگائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی فرد یا تنظیم کو ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیرقربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت نہیں ہےاس لئے جو بھی شخص عوام سے قربانی کی کھالوں کا مطالبہ کرے تو اس سے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ اجازت نامہ طلب کیا جائے۔
راؤعاطف رضا نے کہا کہ ضلع بھر میں دریاؤں ندی نالوں جھیلوں وغیرہ میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کر دی گئی ہے اور جو شخص اس کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مستقل ریسکیوسنیٹربھی اٹک خورد کے مقام پر قائم کردیا گیا ہے جہاں پر تمام متعلقہ اداروں کا عملہ ہمہ وقت موجود ہوگا۔
مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے ڈی سی اٹک نے کہا کہ عید الاضحی کے بعد ضلع بھر میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے گا جس میں تمام سٹیک ہولڈرز اپناکرداراداکریں گے۔انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کے حوالے سے ضلع اٹک اول نمبرپرہے مگر اس کے باوجود اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔شادی ہالوں میں ون ڈش کی پابندی پربھی عملدرآمدکروایاجاۓ گا۔دودھ اور دہی کی کوالٹی چیک کرنے کے لئے پنجاب فوڈ اتھارٹی سے رابطہ کیا جائے گا۔سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لیے خصوصی پلانٹ بھی ضلع بھر میں نصب کیے جائیں گے۔
ڈی پی ڈی سی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حال ہی میں ڈی پی ڈی سی کے اجلاس میں 400 کےقریب کمرشل نقشوں کی منظوری دی گٸی جواٹک کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے اور اس کے ذریعے روزگار پیدا کرنے کے مواقع قاٸم کئے گئے۔
ڈی سی اٹک نے کہا کہ ضلع بھر میں آئی ٹی کی ترویج کے لیے کام کیا جا رہا ہے اور 50 سے زائد آئی ٹی لیبز کواپ گریڈ کیاجائےگا۔ڈسٹرکٹ پبلک اسکول اور اٹک جم خانہ کلب کا قیام بھی اٹک کی تاریخ میں سنگ میل ہوگا۔اس کے علاوہ گورنمنٹ اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ اسپتال میں تھیلیسیمیا سینٹر بھی قائم کیا جا رہا ہے۔انہوں نےمیڈیا کے ارکان سے اپیل کی کہ وہ عوامی مسائل حل کرنے کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی رہنمائی کریں تاکہ ان مسائل کوعوامی دہلیز پر حل کیا جاسکے۔











