بجٹ تاریخی ہوگا ، ن لیگ کی قیادت ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی، وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور انجینئر امیر مقام کا مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے کنونشن سے خطاب

7

اسلام آباد۔7جون  (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور، قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اور صدر مسلم لیگ (ن )خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ہم خود بھی ورکر ہیں اور پارٹی ورکرز کی خدمات اور جائز مطالبات کا پورا احساس ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں  نے بدھ کو مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات احسن اقبال،وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی اور دیگر سیاسی شخصیات نے بھی خطاب کیا۔ وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ عہدے ملنے کے بعد ہم نہیں بدلے بلکہ مخلوط حکومت ہونے کی وجہ سے ہمیں کچھ قربانیاں دینی پڑیں گی۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ اگر مخلوط حکومت کا حصہ نہ بنتے تو آج عمران نیازی کی نااہل ٹیم ملک کو مزید تباہی کی جانب دھکیل دیتی۔ انہوں نے کہا کہ عمران نالائق سے جان چھوٹنا پاکستانی قوم کی خوش قسمتی کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ 9 اور 10 مئی کے فسادات کے بعد عمران اور اسکی پارٹی لیڈرشپ کے مکروہ عزائم قوم کے سامنے آشکار ہو گئے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نہ صرف کام کرنے کے قائل ہیں بلکہ سب کو ساتھ لے کر چلنے کے لئے بھی تعریف کے مستحق ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران جس یہودی لابی کا حصہ ہے، ان کی سازشوں کے باوجود ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا۔ مشیر نے کہا کہ اگلا گیارہ سو ارب کا بجٹ ملک کا تاریخی بجٹ ہوگا اور آج بھی مسلم لیگ ن کی لیڈرشپ کی وہی سوچ ہے کہ پاکستان کو ہر طرح سے ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے۔ مشیر وزیراعظم نے کہا کہ قائد نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے جھنڈے تلے الیکشن میں جانے کے لیے ہر دم تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی پچھلی حکومتوں میں ملک معاشی استحکام اور ترقی کی  نظیر  پیش کر رہا تھا۔انجنیئر امیر مقام نے کہا کہ ملک کی بہتری کے لئے مسلم لیگ ن کا ہر لیول پر ساتھ دینا انتہائی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی ہر مشکل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور چٹان کی طرح کھڑے رہے۔ مشیر نے کہا کہ ہمارے دفاتر ہر وقت عوام کی خدمت کے لئے کھلے ہیں اور کبھی کسی کو خدمت کے معاملے میں مایوس نہیں کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر مشکل وقت اور کال پر لبیک کہنے پر پارٹی عہدے داروں، ورکرذ اور سپورٹرز کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں، جو صوبے بھر میں اور صوبے سے باہر بھی پارٹی کے بلاوے پر بڑی تعداد میں پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی یہ محبت قائد نواز شریف سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ ہمیں آپس کے تمام اختلافات کو بھلا کر شیر کے نشان کا ساتھ دینا ہوگا۔