بھکر؛فلڈفائیٹنگ کے سلسلہ میں متعلقہ محکموں کی استعدادکار اور تیاریوں کو جانچنے کیلئے فرضی مشقوں کا انعقاد

9

بھکر،06 جون (اےپی پی):ڈسٹرکٹ فلڈسیفٹی اینڈریلیف پلان کے تحت فلڈسیزن کے دوران فلڈفائیٹنگ کے سلسلہ میں متعلقہ محکموں کی استعدادکار اور تیاریوں کو جانچنے کیلئے فرضی مشقیں داجل چیک پوسٹ کے قریب منعقد کی گئی جس کااہتمام ریسکیو 1122کے مقامی یونٹ نے دیگر محکموں کے اشتراک سے کیا۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے دریائے سندھ کے ساتھ واقع جھیل پر منعقدہ فرضی مشقوں کامعائنہ کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122نے فلڈسیفٹی اینڈریلیف پلان سے متعلقہ محکموں کی طرف سے قائم کیے گئے کیمپوں میں آزمائشی انتظامات کے حوالہ سے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان کو مفصل بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر  نے جھیل میں ریسکیو1122کی آزمائشی امدادی مشقیں بھی دیکھی۔انہوں نے سیلاب کی فرضی مشقوں کے انعقاد پر اطمینان کااظہار کیااوراس کو فلڈریلیف سے متعلقہ محکموں کی صلاحیت کارمیں اضافہ و بہتری کاذریعہ قراردیتے ہوئے اس بات پر زوردیاکہ اس فرضی مشق کی روشنی میں جملہ حفاظتی انتظامات واقدامات بھرپور تیاری کے ساتھ برقرارر کھے جائیں تاکہ فلڈ ایمرجنسی کی صورت میں امدادی کارروائیاں مربوط وموثر انداز میں مکمل کی جاسکیں۔انہوں نے کہاکہ فرضی مشقوں کی بدولت محکموں کے آپسی اشتراک اورپیشہ ورانہ مہارت کو مزید تقویت ملے گی۔

قبل ازیں فرضی مشقوں میں شریک محکموں کے افسران نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان کو متعلقہ دائرہ کار کے کیمپوں کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پراے ڈی سی ریونیو مرزا ولید بیگ، اسسٹنٹ کمشنر بھکر محمد شفیق اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122 انجنیئر محمد عبید اللہ خان سمیت متعلقہ محکمہ جات کے افسران بھی موجود تھے۔