تحریک اصلاحات پارٹی کے بانی و سابق رکن قومی اسمبلی حاجی شاہ جی گل آفریدی کا ساتھیوں سمیت ن لیگ میں شمولیت کا اعلان

19

اسلام آباد،16جون (اے پی پی):تحریک اصلاحات پارٹی کے بانی و سابق رکن قومی اسمبلی حاجی شاہ جی گل آفریدی نے اپنی پارٹی کو پاکستان مسلم لیگ (ن) میں ضم کرتے ہوئے ساتھیوں سمیت ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

 جمعہ کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر امیر مقام اور صوبائی سیکرٹری جنرل مرتضیٰ جاوید عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک اصلاحات پارٹی کے بانی حاجی شاہ جی گل آفریدی نے کہا کہ میاں نواز شریف ملک سے محبت کرتے ہیں، مسلم لیگ ن نے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کو ناکام بنایا، نواز شریف اور ن لیگ نے ملک کو ٹوٹنے سے بچایا، نواز شریف نے کرپشن کی ہوتی تو باقیوں کی طرح وہ بھی پلی بارگین کر لیتے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو ٹی آئی آر کا ممبر بنایا جس کے نتیجے میں آج وسطی ایشیا  ئی  ممالک سے سستی گیس آرہی ہے اور عوام کو فائدہ ہو رہا ہے،  میاں صاحب جانتے تھے ہمارا مستقبل وسطی ایشیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مہنگائی سے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم نکالے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے ہر دور میں بلا امتیاز پورے ملک اور بالخصوص خیبر پختونخوا میں ترقی ہوئی ہے، خیبر پختونخوا میں جب مسلم لیگ کی حکومت تھی تو صوبے پر ایک روپیہ بھی قرض نہیں تھا۔ تحریک انصاف نے 10 سالہ دور اقتدار میں صوبے کو 900 ارب روپے کا مقروض بنا دیا، مسلم لیگ ن ہی ایک واحد جماعت ہے جو ملک اور صوبے کو اس مشکل سے نکال سکتی ہے۔ حکومت کرنے کیلئے مسلم لیگ ن کے علاوہ اور کوئی پارٹی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کہ سابقہ حکومت نے سٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے شکنجے میں دے دیا ۔ آئی ایم ایف سے ہمیں مسلم لیگ ن ہی آزاد کرائے گی  ۔یہ ملک چیئرمین پی ٹی آئی کا نہیں تمام پاکستانیوں کا ہے، ملک کو غیر مستحکم کرنی کی کوششیں مسلم لیگ ن کی وجہ سے ناکام ہوگئیں، ملک بچانے کیلئے جوکام میاں نواز شریف نے کیا وہ اعزاز سب سے بڑا ہے۔

 صوبائی صدر انجینئر امیر مقام اور سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا مرتضیٰ جاوید عباسی نے تحریک اصلاحات کے بانی شاہ جی گل آفریدی کا ساتھیوں سمیت ن لیگ میں شمولیت پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آج خیبرپختونخوا مسلم لیگ کیلئے انتہائی خوشی کا دن ہے، پاکستان اصلاحات پارٹی کے چیئرمین اور کابینہ کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔ان کی شمولیت سے دیگر لوگوں کو بھی حوصلہ ملے گا اور یہ عمل خیبرپختونخوا کی سیاست میں تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ہر دور میں خیبر پختون خوا میں ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے۔ ہزارہ موٹروے بھی ہمارے قائد میاں نواز شریف کی نشانی ہے۔ ہم دعوے نہیں بلکہ عملی کام پر یقین رکھتے ہیں ۔

 انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبر پختون خوا کی عوام کیلئے آٹے پر اربوں روپے کی سبسڈی دی اور مفت آٹا دیا جو اب بھی عوام کو مل رہا ہے، نئے بجٹ میں خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے سابقہ فاٹا اور پاٹا کیلئے  ٹیکس چھوٹ میں مزید ایک سال کی توسیع کر دی ہے، ن لیگ میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں سابق ایم این اے شاہ جی گل آفریدی، سابق سینیٹر تاج آفریدی، سابق ارکان صوبائی اسمبلی بلاول آفریدی، شفیق آفریدی، بصیرت بی بی، سابق تحصیل میئر زبیر آفریدی، شاہ خالد اور سید نواب شامل ہیں۔