رحیم یارخان23 جون (اے پی پی ): شرپسندوں کے خلاف جاری آپریشن کی کامیابی کیلئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی پولیس جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کچے کے علاقے پہنچ گئے جہاں انہوں نے پولیس افسران اور جوانوں سے ملاقات کی ۔
انہوں نے شدید گرمی کے باوجود آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس جوانو ں کے جذبے کو سراہا،وزیراعلیٰ پنجاب نے انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی ساوتھ پنجاب اور دیگر پولیس افسران نے جوانوں کے ساتھ مل کر کھانا کھایا۔محسن نقوی نے کچے کے علاقے میں قائم پولیس چوکی، ڈسپنسری اور سکول کا دورہ کیا،شرپسندوں کے خلاف جاری آپریشن میں پیشرفت کا جائزہ بھی لیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ شدید گرمی و حبس کے باوجود آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسران اور جوانو ں کی حوصلہ افزائی کیلئے کچے کے علاقے میں آیا ہوں، کچے کے علاقے میں آپریشن کامیابی سے جاری ہے اورپولیس نے بیشترعلاقوں کو شرپسندوں سے خالی کرالیا ہے، قوم کو پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے جنہو ں نے ہر موقع پر جرات کے ساتھ فرائض ادا کئے۔
انہوں آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اورجوانوں کی بہادری اورجذبے کو سلام پیش کرتے ہیں،کچے کے علاقے میں پائیدار امن کا قیام پہلی ترجیح ہے، علاقے میں ترقی اور خوشحالی امن سے منسلک ہے،شرپسندوں کے ٹھکانے ختم کر کے مستقل انفراسٹرکچر قائم کیاجا رہا ہے،شرپسند عناصر کو کچے کے علاقے میں دوبارہ پنپنے نہیں دیں گے۔
انسپکٹر جنرل پولیس نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو شرپسندوں کے خلاف جاری آپریشن میں کامیابیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جنوبی پنجاب میں کپاس کے زیر کاشت رقبے کا بھی معائنہ کیااور زیر کاشت رقبے میں اضافے پر اطمینان کا اظہارکیا ۔
علاوہ ازیں انہوں نے محکمہ زراعت، انتظامیہ اور فیلڈ سٹاف کو شاباش دی ،وزیراعلیٰ نے کہا کہ کپاس کی کاشت سے 3 اب ڈالرزتک کا زرمبادلہ حاصل ہو گا، ملکی تاریخ میں بڑے پیمانے پر صوبہ پنجاب میں کپاس کاشت کی گئی ہے،جنوبی پنجاب انتظامیہ نے کپاس کی کاشت کے حصول کے لئے انتھک محنت کی ہے،صوبہ میں 50 لاکھ ایکڑ رقبے پر کپاس کی کاشت کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا۔
اس دوران ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کوبریفنگ دی اور کہا کہ 96 فیصد ہدف حاصل کر لیا ہے،جنوبی پنجاب میں مجموعی طور پر 43 لاکھ 45 ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کی گئی ہے۔