ساہیوال آرٹس کونسل میں  تقریب فن ایوارڈ ، مصور محمد اصغر مغل، محمد یونس انصاری کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا

73

اوکاڑہ،04جون(اے پی پی ):ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام تقریب اعتراف فن ایوارڈ اور نمائش خطاطی کا اہتمام کیا گیا جس میں بین الاقوامی شہرت یافتہ اوکاڑہ کے رہائشی معروف مصور خطاط محمد اصغر مغل اورچیچہ وطنی سے تعلق رکھنے والے محمد یونس انصاری کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا اور ان کے فن پاروں کی نمائش کی گئی۔

ڈی آئی جی جیل خانہ جات ساہیوال ملک شوکت فیروز اعوان تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فن خطاطی مسلم ثقافت کی عظیم روایت ہے اور اصغر مغل اور یونس انصاری نے اس روایت کو زندہ رکھا اور نئی نسل تک منتقل کیا۔ انہوں نے کہا کہ زندہ معاشرے اپنے آرٹسٹوں کی پذیرائی کے لیے سرگرم عمل رہتے ہیں اور ساہیوال آرٹس کونسل کی طرف سے ان کے فن کے اعتراف میں ایوارڈ دنیا احسن اقدام ہے۔

 ساہیوال آرٹس کونسل کے اس خطاطی و ایوارڈ پروگرام میں طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے شرکاء نے ساہیوال ڈویژن میں فنون لطیفہ کی ہر صنف کو فروغ دینے کے سلسلہ میں ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی کی کوششوں اور کاوشوں کو بھی خوب سراہا۔