ملتان؛ جعلی زرعی ادویات اور کھاد فروخت کرنے والے 5 افراد گرفتار، دوکانیں سربمہر

12

ملتان،4 جون (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے جعلی کھاد اور زرعی ادویات کے روک تھام کیلئے بھرپور کریک ڈاؤن کیا ۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی سمیل مشتاق اور اسسٹنٹ کمشنر صدر عامر افتخار سمیت اسسٹنٹ کمشنرز شجاع آباد اور جلالپور پیر والہ نے محکمہ زراعت کے افسران کے ہمراہ تحصیلوں میں چھاپے مارے۔

کریک ڈاؤن کے دوران جعلی زرعی ادویات اور کھاد فروخت کرنے والے 5 افراد گرفتار کرلئے گئے جبکہ ملزمان کی دکانیں اور گودام سربمہر کردیے گئے ہیں۔

اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیر والہ راحیل مرزا اور اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد فیاض علی جتالہ نے بھی جلالپور پیر والہ،شجاع آباد میں کارروائیاں کرتے ہوئے 7 مقدمات بھی درج کروائے اس دوران اسسٹنٹ کمشنرز نے کھاد و زرعی ادویات کے نمونہ جات قصبے میں لے لئے۔

اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ کسان بھائیوں کو ریلیف دینے کیلئے  مافیا کو نکیل ڈالیں گے،محکمہ زراعت کو کھاد اور زرعی ادویات کا مکمل سٹاک چیک کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سماج دشمن عناصر ذاتی مفادات کیلئے زراعت کو تباہ کررہے ہیں،حکومتی ریٹس پر کھاد کی فراہمی کیلئے انسپکشن ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں ہیں۔