لاہور،17جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے،شمسی توانائی سے متعلق پالیسی سازی کے عمل کو تیز کرکے جلد اسے حتمی شکل دی جائے،پاکستان میں شمسی توانائی کی وسیع استعداد موجود ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں متبادل ذرائع سے توانائی بالخصوص شمسی توانائی سے متعلق پالیسی سازی پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کو وزیرِ اعظم کے ملک گیر سولرائیزیشن منصوبے پر پیش رفت اور متبادل ذرائع سے توانائی کی پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں حکومت نے متبادل ذرائع بالخصوص شمسی ذرائع سے بجلی کی پیداوار کیلئے اقدمات یقینی بنائے ہیں،شمسی توانائی سے نہ صرف کم لاگت بجلی کی پیداوار ممکن ہوگی بلکہ قیمتی زرمبادلہ بھی بچایا جا سکے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء خواجہ آصف، انجنئیر خرم دستگیر خان، سید نوید قمر، ریاض حسین پیرزادہ، مشیرِ وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، معاونِ خصوصی جہانزیب خان، چیئرمین نیپرا اور متعلقہ اعلی ٰحکام نے شرکت کی۔











