مری، 17جون (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مری اور جناح ہال میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا۔انہوں نے مریضوں کیلئے ہسپتال میں فراہم کردہ علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا اور ایمرجنسی، او پی ڈی، زچہ بچہ وارڈ، فارمیسی اور دیگر شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا۔
محسن نقوی نے ہسپتال کے توسیعی منصوبے کی عمارت کا بھی معائنہ کیا اور عمارت کو جلد فنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہسپتال کے بعض شعبوں کی بند ش پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور فی الفور بند شعبے کھولنے کا حکم دیا۔
محسن نقوی نے ہسپتال میں نرسز کی کمی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ نرسز کی کمی کو جلد پورا کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ محکمہ صحت ہسپتال میں نرسوں کی خالی آسامیوں پر فی الفور بھرتی کا عمل شروع کرے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں نرسز کی منظور شدہ 29 آسامیوں پر صرف 6 کام کر رہی ہیں اور کوئی بھی ہسپتال 6 نرسوں کے ساتھ 24 گھنٹے نہیں چل سکتا۔
وزیراعلی نے کہا کہ صوبائی وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر کو ہیلتھ کیئر کی سہولتیں بہتر بنانے کی ہدایت کر دی ہے اور ڈاکٹر جمال ناصر ہسپتال کے امور کو بہتر بنانے تک مری میں ہی موجود رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ مری کے رہائشیوں اور سیاحوں کو صحت و علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ہسپتال میں ڈائلسز مشینوں کو فنکشنل کیا جائے گا۔
نگران وزیراعلی محسن نقوی نے جناح ہال میں قائم کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود عملے سے ملاقات کی۔ نگران وزیراعلی محسن نقوی نے مری کی مانیٹرنگ کیلئے کیمرے نان فنکشنل ہونے پر کنٹرول روم کے عملے کی سرزنش کی اور 24 گھنٹے میں کیمروں کو فنکشنل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ مری میں آنے والے سیاحوں کیلئے سہولتیں مزید بہتر بنائی جائیں گی۔انہو ں نے کہا کہ مری میں سیاحوں کیلئے پارکنگ کی سہولت کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
محسن نقوی نے اوور چارجنگ کے سدباب کیلئے موثر اقدامات کا حکم دیا۔ انہوں نے مری میں شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے مری میں ہیلتھ کیئر اور سیاحوں کیلئے سہولتوں کی بہتری کیلئے کمشنر راولپنڈی ڈویژن کو ہدایات دیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر بھی ہمراہ تھے۔











