سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام  ممکن نہیں ،9 مئی کے واقعات نے قوم کو رنجیدہ  کر دیا  ،  شہدا  اور غازیوں کو بھول جا نے والی قومیں زندہ نہیں رہتیں، وزیراعظم   شہبا ز شریف

32

اسلام آباد,14جون  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبا ز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام  ممکن نہیں ،9 مئی کے واقعات نے قوم کو رنجیدہ اور سر شرم سے جھکا دیئے ، جو قومیں شہدا  اور غازیوں کو بھول جائیں وہ زندہ نہیں رہتیں، رجیم چینج کے جھوٹے دعویداروں کا جھوٹا پراپیگنڈا بےنقاب ہو گیا ہے ، روس سے 45 ہزار ٹن  سستا خام تیل پہنچ گیا ، آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں ، معاہدہ جلد ہو جائے گا،اسلام آباد میں سالڈ ویسٹ  کانظام متعارف کرایا جائے گا۔

 ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو کیپٹن کرنل شیر خان شہید (سابقہ آئی جے پی) روڈ   کے ازسرنو تعمیر کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں وزیراعظم نے آئی جی پی روڈ کو کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے نام سے منسوب کرنے کاا علان  کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں ناقص منصوبہ  بندی کی وجہ سے یہ منصوبہ تعطل  کاشکار رہا۔ منصوبے کی تکمیل پر وزیر داخلہ  ، چیئرمین سی ڈی اے اور دیگر حکام کو مبارکباد دیتا ہوں، منصوبے پر جس خوبصورتی سے لینڈ سکیپنگ اور باغبانی کی گئی ہے و ہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا  اور غازیوں کویاد رکھنے والی قومیں ہی  کامیاب ہوتی ہیں جو قومیں شہدا اور غازیوں کو بھول جائیں وہ زندہ نہیں رہتی،شہدا نے جان کو ہتھیلی پر رکھ کر   ملک کے ایک ایک انچ دشمنوں سے بچایا ہے،شہدااور اپنے بچوں کو یتیم کر گئے لیکن لاکھوں بچوں  کو یتیم ہونے سے بچایا ،وطن سے محبت  کرنے والا شہری 9 مئی جیسے واقعات کاسوچ بھی نہیں سکتا ،شہید کیپٹن کرنل شیر خان  کے نام سے منصوبے کو منسوب کرنے کامقصد  قوم کو شہدا کی عظیم قربانیوں سے آگاہ کرنا ہے۔

افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی احد چیمہ، رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، سابق ارکان قومی اسمبلی حنیف عباسی، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، ملک ابرار ، انجم عقیل خان ، ملک شکیل اعوان اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے علاوہ چیئرمین سی ڈی اے نور الامین مینگل اور کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور اہلکاران موجود تھے۔

سابقہ آئی جے پی روڈ کا نام تبدیل کر کے کیپٹن کرنل شیرخان شہید رکھ دیاگیاہے۔9.8کلومیٹر طویل سڑک فیض آباد سے پیر ودھائی موڑ (پشاور موڑ راولپنڈی)  تک از سر نو تعمیر کی گئی ہے۔ اس منصوبے میں 2 اوور ہیڈبرج بنائے گئے ہیں۔ منصوبہ سابق دور حکومت میں  تعطل کاشکار رہا ۔ موجودہ حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد  اس پر کام تیز کر کے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔  کیپٹن کرنل شیر خان شہید روڈ   کی تعمیر سے فیض آباد سے پیر ودھائی موڑ تک ٹریفک کے بہاؤمیں  بہتری آئے  گی اور راولپنڈی اسلام آباد کے درمیان  اشیا اور سامان کی نقل و حمل میں آسانی ہو گی۔