سیالکوٹ؛ دہشتگردوں سے مقابلے میں  شہید ہونے والے حوالدار محمد انور پسوال کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

52

سیالکوٹ،4جون(اے پی پی):وزیرستان میں دہشتگردوں سے مقابلے میں  شہید ہونے والے سیالکوٹ کے رہائشی  حوالدار محمد انور پسوال کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی،شہید کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

برگیڈیئر مشتاق غنی نے آرمی چیف کی جانب سے شہید محمد انوار پسوال کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی، نمازے جنازہ میں فوجی افسران سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

شہید کا تعلق ضلع سیالکوٹ کے علاقہ میں واقع ورکنگ باؤنڈری کے گاؤں پل بجواں سے ہے، شہید 41 سالہ حوالدار  محمد انور  ایک ماہ قبل اپنی  ہمشیرہ کی شادی کرکے  چھٹی ختم ہونے پر وزیرستان گئے تھے ۔ شہید حوالدار محمد انور پسوال  کے کزن چوہدری شاہد پسوال کے مطابق  شہید حوالدار محمد انور پسوال کے سوگواروں   میں  ان کی  اہلیہ، دو بیٹے،  دو بیٹیاں ، انکی والدہ ، تین بھائی اور چار بہنیں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انور بھائی انتہائی خوش اخلاق ، خوش مزاج ، ملنسار شخصیت کے مالک تھے،  وہ  بہت بہادر اور شیردل تھے وطن کی حفاظت کے لیے شہید ہونے کی ہمیشہ خواہش کرتے تھے  جو آج پوری ہوگئی۔