سیالکوٹ ہمیشہ سے پاکستان مسلم لیگ ن کا قلعہ رہا ہے ، مستقبل میں بھی یہاں سے ن لیگ ہی کامیاب ہو گی؛ خواجہ محمد آصف

3

سیالکوٹ،4جون(اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سیالکوٹ ہمیشہ سے  پاکستان مسلم لیگ (ن) کا قلعہ رہا ہے اور مستقبل میں بھی (ن) لیگ ہی یہاں سے کامیاب ہو گی۔

اتوار کو یہاں یونین کونسل امام صاحب   میں اپنے آبائی کشمیری محلہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر سیالکوٹ کے غیور عوام نے ہمیشہ مجھے عزت بخشی جس پر میں ان کا مشکور ہوں اور ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کوشاں رہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے شہیدوں اور غازیوں کی قدر کرنی چاہیئے کیونکہ جو قومیں اپنے شہیدوں کو بھول جاتی ہیں اور ان کی یادگاروں کی توہین کرتی ہیں تو ایسی قومیں پنپ نہیں سکتیں۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ہمارے شہداء ہمارے محسن ہیں ،  ان شہداءکی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 2013  سے 2017 تک  ملک میں ہمیں جو ترقی ہوتی ہوئی نظر آئی2018 کے بعد اسے دوبارہ تباہی کی طرف دھکیل دیا گیا جسے سنبھالنے کے لیے ہم دن رات کوشاں ہیں ،  ہم پرعزم ہیں کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں بہت جلد دوبارہ سے ملک کو تعمیروترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نوجوانوں کو بہتر روزگار  کی فراہمی سمیت  ان کے  بہتر مستقبل  کے لیے بھی کوشاں ہیں۔

سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاءاللہ بٹ، صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)سیالکوٹ سٹی محمد رفیق مغل، خواجہ سلطان ٹیپو،(ن)لیگ سٹی سیکرٹری جنرل کاشف نیاز بٹ،  رانا وحید، حمید ڈارسمیت سیاسی و سماجی شخصیات کی کثیر تعداد بھی یہاں موجود تھی۔