لاہور، 29 جون(اے پی پی): صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات عامر میر نے شہر میں قائم ایل ڈبلیو ایم سی کے مختلف کیمپس کا دورہ کیا اور عید کے حوالے سے صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے شہر بھر میں 281 کیمپس لگائے گئے ہیں۔ 24 گھنٹے مانیٹرنگ کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کے مرکزی دفتر میں سٹیٹ آف دی آرٹ آپریشنل کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جہاں سے گاڑیوں کی براہ راست مانیٹرنگ اور شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ایل ڈبلیو ایم سی ہیلپ لائن 1139 اور سوشل میڈیا پیجز بھی شہریوں کی شکایات کے بر وقت ازالے کے لیے 24 گھنٹے فعال ہیں۔
عامر میر نے کہا کہ 10 ہزار سینٹری ورکرز، 3000 ڈرائیورز اور 2000 سپورٹ سٹاف سمیت 15000 سے زائد کا عملہ تین شفٹوں میں کام کر رہا ہے۔ شہر کی09 مویشی منڈیوں میں صفائی آگاہی کیمپ قائم ہیں جہاں 139 سینٹری ورکرز پر مشتمل صفائی عملہ مشینری کے ساتھ موجود ہے۔ آلائشوں کو ماحول دوست طریقے سے تلف کرنے کے لیے 05 ڈمپنگ سائٹس قائم کی گئی ہیں۔
صوبائی وزیر عامر میر نے عوام سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ آلائشیں ایل ڈبلیو ایم سی کے فراہم کردہ ماحول دوست بیگز میں ڈالیں، گلی محلوں سے آلائشیں اٹھانے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ سید اظفر علی ناصر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔











