ضم اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے؛نگران وزیراعلی خیبر پختونخوا

27

پشاور، 01 جون (اے پی پی):نگران وزیراعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ ضم اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، قبائلی اضلاع کے عوام کو گزشتہ چالیس سالوں سے سخت حالات کا سامنا ہے، نگران صوبائی حکومت ان مسائل کے حل کے لئے پر عزم ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیراعلی ہاؤس پشاور میں ضم اضلاع کے عوام سے ہفتہ وار ملاقاتوں کے جاری سلسلے میں ملاقات کے دوران قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ضم قبائلی علاقوں کے عوامی مسائل کے حل کے لیے ہفتہ وار ملاقاتوں کا تیسرا دور  وزیر اعلی ہاؤس پشاور میں منعقد ہوا۔ ملاقات میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ضم اضلاع کے عمائدین اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

 عمائدین نے اپنے اپنے علاقوں کے عوامی مسائل سے وزیراعلی کو آگاہ کیا۔ ان مسائل میں زیادہ تر صحت،  تعلیم،  مواصلات، امن و امان کے علاوہ انتظامی مسائل شامل تھے۔ وزیر اعلی نے ان مسائل کے حل کے لئے موقع پر موجود متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

قبائلی عمائدین نے کہا کہ قبائلی عوام کے مسائل کے حل کے لئے ہفتہ وار ملاقاتوں کےلئے وزیراعلی کے تہہ دل سے مشکور ہیں، ضم اضلاع کے عوامی مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے یہ وزیر اعلی کا قابل ساتئش  اقدام ہے۔قبائلی عمائدین نے کہا کہ سابقہ قبائلی علاقوں کا خیبر پختونخوا میں انضمام اچھا فیصلہ ہے، ضم شدہ علاقے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ قبائلی عمائدین نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت اے ائی پی سمیت دیگر مدوں میں ضم اضلاع کے فنڈز فوری جاری کرے۔

 عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلی محمد اعظم خان نے کہا کہ ضم اضلاع کے عوام کے ساتھ ہفتہ وار ملاقاتوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا،گزشتہ دو نشستوں میں سامنے آنے والے مسائل کے حل پر پیشرفت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کو وفاق کی طرف سے ضم اضلاع کے فنڈز کی عدم فراہمی کا مسئلہ درپیش ہے،وفاق سے ضم اضلاع کے فنڈز کے حصول کے لئے کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے عوام کو گزشتہ چالیس سالوں سے سخت حالات کا سامنا ہے، ضم اضلاع کے عوام کو درپیش مسائل کا  ادراک ہے، نگران صوبائی حکومت ان مسائل کے حل کے لئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔