عید الضحی کا دوسرا دن، ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ مسلسل جاری

28

مری،30جون(اے پی پی):عید الضحی کے دوسرا دن ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔سی پی او راولپنڈی خالد محمود ہمداری کی ہدایات پر ٹریفک کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔سی ٹی او راولپنڈی اور ایس ٹی او راولپنڈی تمام ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

اس حوالے سے سی ٹی او راولپنڈی تیمور خان نے کہا کہ ڈی ایس پی ٹریفک مری سمیت تمام افسران خود فیلڈ میں موجود ہیں۔ ٹریفک و ٹورزم پولیس کے410اہلکار ٹریفک کو روانی کو بہترین طریقے سے رواں رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محفوظ سفر و حادثات کی روک تھام کےلئے ہیلمٹ و لائسنس کی پابندی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

 سی ٹی اوتیمور خان نے کہا کہ سیاح حضرات تیز رفتاری ،غلط اوورٹیکنگ و ڈبل لائن بنانے سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کک سیاحوں کی رہنمائی کےلئے 1100 آگاہی و احتیاطی پمفلٹ تقسیم کیے جا چکے ہیں،گاڑی خراب ہونے کیصورت میں مفت کرین کی سروس بھی فراہم کی جا رہی ہے ۔

 سی ٹی او تیمور خان نے کہا کہ مری میں ٹریفک صورتحال کے متعلق ایف ایم88.6اور سوشل میڈیا پیجز پر آگاہی فراہم کی جا رہی ہے، مری آنیوالے سیاح کسی قسم کی رہنمائی ومدد کےلئے ہیلپ لائن نمبر0519269 پر رابطہ کریں۔