ملتان، 30 جون (اے پی پی ):ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے عید الاضحی کے دوسرے روز گرینڈ صفائی آپریشن کا آغاز کر دیا۔ اس حوالے سے صفائی کے عملے کو گلی محلوں اور پلاٹس کو آلائشوں سے مکمل کلئیر کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے اور علی الصبح بھاری مشینری کے ذریعے ٹرانسفر سٹیشنوں کو زیرو ویسٹ کرکے آلائشیں لینڈ فل سائٹس دفنادی گئیں ہیں۔
اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد یعقوب نے مخلتف علاقوں کا دورہ کیا،صفائی کی انسپکشن کی۔ انہوں نے کیمپس اور شکایات سیل میں موصول ہونیوالی شکایات کا آڈٹ بھی کیا ۔
شاہد یعقوب نے کہا کہ عید کے پہلے روز ریکارڈ 7 ہزار ٹن سے زائد آلائشوں کو محفوظ انداز میں ٹھکانے لگایا گیا ہے ۔ کمشنر عامر خٹک اور ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے صفائی آپریشن کی ذاتی طور پر نگرانی کی ہے۔
سی ای او نے کہا کمشنر عامر خٹک کمپنی ٹرانسفر سٹیشنوں سے آلائشوں کی رات گئے تک منتقلی کراتے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ عید کے دوسرے روز اسی جذبے اور لگن سے شہر اولیاء کو پاک و صاف کرینگے جبکہ لینڈ فل سائٹس پر پہلے روز آلائشیں دفن کرنے کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔











