قصور؛ ریونیو عوامی مسائل کے حل کیلئے تحصیل سطح پر کھلی کچہریوں کا انعقاد

5

قصور،02جون(اے پی پی):نگران پنجاب حکومت کی ہدایت پر ریونیو عوامی مسائل کے حل کیلئے تحصیل سطح پر کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی نے اسسٹنٹ کمشنر رضوان الحق کے ہمراہ ضلع کونسل ہال میں کھلی کچہری لگائی اور آنے والے سائلین کے مسائل سنے اورمتعلقہ افسران کو انکے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے۔

 اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی ہدایت پر عوام کو ریونیو سے متعلق درپیش مسائل کے فوری، ٹھوس اور پائیدار حل کیلئے ریونیو عوامی خدمت سروسز کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں تمام ضلعی ریونیو افسران، تحصیلدارز، انچارج اراضی ریکارڈ سینٹرز، پٹواری، ڈومیسائل سٹاف اور دیگراہلکار موجود ہو کر عوام کے مسائل سنتے ہیں اور انہیں ایک ہی چھت تلے حل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کھلی کچہریوں میں اراضی انتقالات، فردات، ڈومیسائل کا اجراء اور دیگر ریونیو مسائل کو فوری حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جاتے ہیں تا کہ عوام تک کھلی کچہریوں کے اصل ثمرات پہنچ سکیں۔

اسسٹنٹ کمشنر چونیاں محمد عامر بٹ، اسسٹنٹ کمشنر پتوکی رانا امجد محمود اور اسسٹنٹ کمشنر کوٹ رادھاکشن ماہین فاطمہ نے اپنی اپنی تحصیلوں میں ریونیو عوامی خدمت سروسز کا انعقاد کر کے شہریوں کے مسائل سنے۔