لاہور، 28 جون(اے پی پی): وزیر اطلاعات و بلدیات پنجاب عامر میر اور وزیر ہاؤسنگ سید اظفر علی ناصر نے عید الاضحیٰ کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لینے اور ورکرز کا مورال بلند کرنے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی ماڈل کیمپ لبرٹی چوک اور چیئرنگ کراس مال روڈ کا دورہ کیا۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
صوبائی وزراء نے ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے لوگوں میں بیگز کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔ دونوں وزراء نے لوگوں میں خود بھی بیگز اور آگاہی لٹریچر تقسیم کیا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و بلدیات پنجاب عامر میر نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے لاہور بھر میں لگائے گئے 281 کیمپس کو عوام کی جانب سے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام آلائشیں ایل ڈبلیو ایم سی کے فراہم کردہ بیگز میں ڈالیں، یہ بیگز 40 دن بعد نہ صرف از خود تلف ہو جاتے ہیں بلکہ سیوریج لائنوں میں رکاوٹ کا باعث بھی نہیں بنتے۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب بیرسٹر اظفر علی ناصر نے اس موقع پر کہا کہ ہر فرد کو شناختی کارڈ دکھانے پر دو بیگز دیئے جا رہے ہیں۔ ایل ڈبلیو ایم سی کے بیگز لیب سے ٹیسٹ شدہ اور ماحول دوست ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام قربانی کے جانوروں کے سری پائے جلانے سے اجتناب کریں۔ اس حوالے سے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔











