ملتان،16جون (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر کمیونیکشن اینڈ ورکس و ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب بلال افضل نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے ترقی کے سفر میں تعطل نہیں آنے دیا،صوبے بھر میں گڈ گورنس اور شفافیت کیلئے سخت مانیٹرنگ پالسی پر عمل پیرا ہیں،صوبائی وزیر نے کہا کہ رواں ماہ بجٹ کلوزنگ تک عوامی مفاد کی تمام سکیمیں مکمل کرنے کا ٹاسک دیا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان کا دورہ کے موقع پر کیا۔ نگران صوبائی وزیر نے کمشنر آفس میں مختلف محکموں کی کارکردگی اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ لی. کمشنر انجنئیر عامر خٹک نے ترقیاتی منصوبوں اور اصلاحات پر تفصیلی بریفننگ دی۔
صوبائی وزیر ایکسائز و کمیونیکیشن اینڈ ورکس بلال افضل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کا محدود وسائل میں گڈ گورننس اور شفافیت پرتوجہ ہے،نادہندگان سے ایکسائز فیس اور پراپرٹی ٹیکس کے اہداف ہر صورت پورے کئے جائیں تمام ریونیو محکموں کو سخت ہدایت کی ہے کہ معاشی سسٹم کی بہتری کیلئے ٹیکس ریکوری میں کسی کو چھوٹ حاصل نہیں ہے۔
نگران صوبائی وزیر بلال افضل نے کہا کہ رواں مالی سال کے اختتام پر ٹیکس ریکوری کے حوالے سے خصوصی آڈٹ ہوگا جس میں ٹیکس ریکوری کی شرح پر افسران کی کارکردگی کا احتساب ہوگا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وہاڑی روڈ سمیت مرکزی شاہراہوں کی اپ گریڈیشن کے منصوبے جلد شروع ہونگے۔
اجلاس میں کمشنر ملتان انجنئیر عامر خٹک نے کہا کہ ڈویژن میں گندم خریداری اور آٹا تقسیم کے اہداف پورے کئے گئے ہیں جبکہ 9826 میٹرک ٹن گندم برآمد کر کے 24 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ غیر فعال واٹر پیوریفکشن کی ریپئرنگ کیلئے خصوصی ٹاسک دیا ہے بجٹ کلوزننگ سے قبل پیچ ورک اور مرمت کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔