ملتان، شہنشاہِ غزل مہدی حسن کے فن کا ایک زمانہ معترف ہے، ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل سلیم قیصر

22

ملتان ،14 جون ( اےپی پی): شہنشاہِ غزل مہدی حسن کے فن کا ایک زمانہ معترف ہے۔ ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل سلیم قیصر کا کہنا ہے کہ مہدی حسن نے اپنے فن کے ذریعے کئی نسلوں کو متاثر کیا۔ وہ ملتان آرٹس کونسل کے زیر اہتمام مہدی حسن کے یوم وفات پر ان کی خدمات کے اعتراف میں منعقدہ تقریب ”تم کو ایک شخص یاد آئے گا” سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ غزل کی صنف میں مہدی حسن کا کوئی ثانی نہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف گلوکار استاد غلام عباس کا کہنا تھا کہ مہدی حسن عالمی افق پر چمکتا ہوا ایک ستارہ ہے جس کی روشنی کبھی ماند نہیں پڑی۔ شہنشاہِ غزل کے راگ میں اتنی طاقت تھی کہ ریاض کرتے ہوئے شیشے کی اشیاء ٹوٹ جاتی تھیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل زاہد اقبال کا کہنا تھا کہ مہدی حسن نے 25 ہزار سے زائد فلمی و غیر فلمی گیتوں اور  غزلوں میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔ جتنی محنت اور لگن سے مہدی حسن نے اپنا اور ملک کا نام روشن کیا وہ نوجوانوں اور فنکاروں کیلیے مشعلِ راہ ہے۔ تقریب میں استاد غلام عباس کے علاوہ سعدیہ ہاشمی، انیلہ اسلم، فیاض بخاری، خلیل گجر، عدیل مظہر اور شہاب خان نے اپنی آواز کا جادو جگایا اور مہدی حسن کے گیت اور غزلیں پیش کرکے ان کی فنی خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔