ملتان ،14 جون (اے پی پی ): منیجنگ ڈائریکٹر واسا چوہدری محمد دانش نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے حوالے سے شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کی سروسز کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے واسا ہیڈ آفس شمس آباد میں مذین عباس چاون کی سربراہی میں لائسنس داران کے وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے آغاز سے قبل جلوس روٹس،امام بارگاہوں اور قبرستانوں کے اردگرد نکاسی آب،گٹروں پر ڈھکنوں کی سو فیصد موجودگی یقینی بنانے اور ان کی مرمت سے متعلق تمام شکایات دور کرنے بارے متعلقہ سیوریج ڈویژنوں کے افسران کو احکامات جاری کردیئے دیے ہیں اور محرم الحرام کے حوالے سے خصوصی پلان کی تیاری شروع کردی گئی ہے ۔
منیجنگ ڈائریکٹر واسا چوہدری محمد دانش نے کہا کہ ٹی بی ہسپتال روڈ اور باوا صفرا روڈ کی کارپیٹنگ کا عمل آئندہ ہفتے تک مکمل کر لیا جائے گا، ٹی بی ہسپتال روڈ کی کار پیٹنگ کے لئے مشینری اور میٹریل موقع پر پہنچا دیا گیا ہے جبکہ واسا کے تمام سیوریج واٹر سپلائی اور ڈسپوزل اسٹیشن ڈویژنوں کے ڈپٹی ڈائریکٹرز کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنی اپنی حدود میں لائسنس داران اور عزاداروں سے مکمل رابطہ رکھیں اور ان کی نشاندہی پر جلوس روٹس پر واسا سے متعلق شکایات کو ہنگامی بنیادوں پر دور کیا جائے۔
انہوں نے سیوریج ڈویژنوں کو اپنی اپنی حدود میں محرم الحرام کے آغاز سے قبل سیوریج لائنوں کی صفائی سمیت دیگر تمام شکایات دور کرکے رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم جاری کر دیا ہے ۔
ڈائریکٹر ورکس عارف عباس، ڈائریکٹر انجینئرنگ عبدالسلام، ڈپٹی ڈائریکٹر واٹرسپلائی عمر ظفر گرمانی،ڈپٹی ڈائریکٹرز سیوریج منعم سعید، حافظ محمد وقاص بھی موقع پر موجود تھے اس دوران لائسنس داروں نے اپنے اپنے علاقوں میں واسا سے متعلق مسائل کی نشاندہی بھی کی جس پر ایم ڈی واسا نے تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔











