ملتان، 21 جون (اے پی پی ): کمشنر انجینئر عامر خٹک نے عید الاضحی بارے انتظامات کیلئے ضلعی انتظامیہ کو ٹاسک سونپتے ہوئے کہا کہ عید پر فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر خطرناک جھولوں پر پابندی لگائی جائے۔
ان خیالات کا اظہار کمشنر عامر خٹک نے عید الضحی کے انتظامات بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ تمام پارکوں میں لگے جھولوں کی انسپکشن کروائی جائے۔انسانی جان کیلئے خطرہ کا باعث جھولوں کو مکمل انسپکشن کے بغیر چلنے نہیں دینگے۔
کمشنر نے ہدایت کی کہ لوکل گورنمنٹ ،پی ایچ اے جھولوں کی انسپکشن کرائے، نہروں پر نہانے پر دفعہ 144 لگانے بارے حکومت پنجاب کو لکھا جائے۔پارکوں،گرین بیلٹس کی صفائ پر خصوصی فوکس کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کسی پارک کے باہر ویسٹ مینجمنٹ کے کنٹینرز ہرگز نا رکھے جائیں۔
عامر خٹک نے کہا کہ عید الضحیٰ پر واسا، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ریسکیو،ہیلتھ، پی ایچ اے ڈیوٹی روسٹر جاری کرے۔عید الضحی پر صفائی کے بہترین انتظامات کیلئے سٹاف فیلڈ میں موجود رہے۔انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام داخلی خارجی راستوں کی صفائی، تزین و آرائش پر خصوصی فوکس کیا جائے۔
اجلاس میں شاہ شمس پارک، جناح پارک کی اپ گریڈیشن، تزین و آرائش بارے بریفنگ دی گئی جبکہ ڈپٹی کمشنرز ،متعلقہ محکموں کے افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔











