پرائس کنٹرول مجسٹریٹ عید تک مہنگائی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھیں،انجینئر عامر خٹک

28

ملتان،21 جون(اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ عید تک مہنگائی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھیں۔ یہ بات انہوں نے  پرائس کنٹرول بارے وڈیو لنک کانفرنس کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔

کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے اشیاء خوردونوش کی ارزاں نرخوں میں  فراہمی کیلئے فوری اقدامات کا حکم  دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا ازالہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ عید کے پیش نظر عام مارکیٹ میں اشیاء خوردونوش کی طلب و رسد پر کڑی نظر رکھیں۔ کمشنر عامر خٹک نے شہر میں قائم غیر قانونی مویشی منڈیوں کی کیخلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر سٹی ، میونسپل کارپوریشن کا عملہ گھنٹہ گھر، ممتاز آباد اور دیگر علاقوں میں شام کے وقت انسداد تجاوزات کارروائی کرے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال 36.40 فیصد کپاس زیادہ کاشت کی گئی ہے جو کہ خوش آئند ہے۔ اس سال کپاس کاشت کا 100.18 فیصد ہدف حاصل کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال 932000 ایکڑ پر کپاس کاشت کی گئی تھی۔ امسال کا ہدف 1269000 ایکڑ پر کاشت تھا جبکہ 1271290 ایکڑ پر کپاس کاشت کی گئی ہے جو کہ قابل تحسین ہے۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس ماہ ابتک 136 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 42800 چھاپے مارے۔ 16 ایف آئی آر درج ،93 افراد گرفتار،3340500 روپے جرمانہ کیا گیا۔ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈیشن سرفراز احمد اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نعمان اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔