ملتان ؛ ڈی ای او ریسکیو 1122 ڈاکٹرکلیم اللہ سے تحفظ اعزاداری امام حسینؑ کونسل پاکستان کے وفد کی ملاقات

25

ملتان، 10 جون(اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرریسکیو 1122ملتان ڈاکٹرکلیم اللہ سے تحفظ اعزاداری امام حسینؑ کونسل پاکستان، ملتان کے وفد نے ہفتہ کو یہاں  ملاقات کی۔جس دوران محرم الحرام میں عزاداروں کو طبی امداد کی فراہمی کے انتظامات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

 ڈسٹر کٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ تمام امام بارگاہوں میں ہونے والی  مجالس اور ماتمی جلوسوں پر اعزاداروں کیلئے ابتدائی طبی امداد یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی،          اس سلسلے میں تمام ریسکیورز کی چھٹیاں منسوخ کردی جائیں گی اور600سے زائد ریسکیورز جدید آلات سے مزین ایمبولینسزاورفائروہیکلزسپیشل ڈیوٹی پر تعینات اورالرٹ رہیں گیں۔

انہوں نے بتایا کہ 33ایمبولینسز،12فائر وہیکلز اور ریسکیو وہیکلز کے علاوہ 75موبائل موٹر بائیک ایمبولینسززماتمی جلوسوں کے ساتھ ہونگی۔ریسکیو1122کی یہ موبائل ایمرجنسی ریسکیوپوسٹیں تمام امام بارگاہوں اور دیگر اہم مقامات پر موجود  ہونگی۔تمام موبائل پوسٹیں اور ایمبولینسز، فائروہیکلز اپنے فرسٹ ایڈ بکس کے ساتھ جلوسوں کے ہمراہ ہونگی تاکہ عزادارین کو بروقت طبی امداد مہیا کی جا سکے۔

ڈاکٹر کلیم اللہ نے بتایا کہ اس دوران ایمرجنسی آفیسر ایڈمن انجینئر محمد بلال، ایمر جنسی آفیسرآپریشن ارشد خان، اسٹیشن کوارڈنیٹرزاور شفٹ انچارجزز  تمام انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ریسکیو1122کی ایمبولینسزاور فائروہیکلزکو ترجیحاً راستہ دیں تاکہ متاثرین کو بروقت طبی امداد دی جاسکے۔10محرم الحرام کو موبائل فون سروس بند ہونے کی صورت میں پی ٹی سی ایل سے 1122ڈائل کرکے 15یا موقع پر موجود ایمرجنسی سٹاف اور قریبی ریسکیو اسٹیشنوں کو ایمرجنسی کے بارے اطلاع دیں۔

ڈسٹر کٹ ا یمرجنسی آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ نے تمام عزاداروں اورامام بارگاہوں کے متولیوں سے گزارش کی ہے کہ ریسکیوٹیم کے ساتھ تعاون کریں تاکہ بروقت طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

وفد میں تحفظ اعزاداری امام حسینؑ کونسل پاکستان، ملتان  مرکزی صدر خاور شفقت بھٹہ،سیکرٹری جنرل سید طالب حسین پرواز شاہ،ڈویژنل صدرملتان انجینئر مہر سخاوت علی سیال  اور دیگر شامل تھے۔