مکہ مکرمہ؛ حج 1444 کی تیاریوں کے سلسلے میں شاندار ملٹری پریڈ ، سیکورٹی فورسز نے عملی مظاہرہ پیش کیا

16

 

مکہ مکرمہ،23جون(اے پی پی):سعودی عرب میں آئندہ ہفتے سے شروع ہونے والے حج 1444 کی تیاریوں کے سلسلے میں شاندار ملٹری پریڈ منعقد ہوئی۔جس میں ہزاروں فوجیوں کے دستے نے حصہ لیا جبکہ خواتین بھی ان میں شامل تھیں۔

اس موقع پر دوران پریڈ میں دنیا بھر سے آنے والے 20 لاکھ سے زائد عازمین حج کو محفوظ بنانے اور ان کی حفاظت کے لیے کیے گئے اقدامات کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔

 تقریب کا انعقاد سعودی  وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف کی موجودگی میں ہوا، انہوں  نے مقدس گھر کے عازمین کی سلامتی اور حفاظت کو برقرار رکھنے کے لیے حج سیکیورٹی فورسز کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

 شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سمیت مسجد نبوی کے جنرل صدر شیخ عبدالرحمن السدیس نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ شیخ عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ حج سیکیورٹی پلان کےذریعے   زائرین کو منفرد اور غیر معمولی اقدامات اور خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

سیکیورٹی کے ڈائریکٹر، لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی نے اپنے خطاب میں حج سیکیورٹی فورسز کی عازمین کے سیکیورٹی پلان کو نافذ کرنے اور ان کو سیکورٹی فرائض مکمل طور پر انجام دینے کے لیے تیار رہنے کی تصدیق کی اور کہا کہ حج سیکیورٹی فورسز نے مکہ المکرمہ، مقدس مقامات اور مدینہ منورہ میں اپنے فرائض سرانجام دینا شروع کردیئے ہیں۔