میرپور خاص: تین روزہ 55ویں آموں اور موسمی پھلوں کی قومی نمائش شروع

14

میرپورخاص،02 مئی  ( اے پی پی):  کورونا کے بعد مسلسل معطل رہنے والی تین روزہ 55ویں آموں اور موسمی پھلوں کی قومی نمائش آج سے شروع ہوگئی، یہ نمائش 4 جون تک جاری رہے گی۔

  مینگو فیسٹیول کا میلا سجانے والے ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زین العابدین میمن نے ” اے پی پی” کو بتایا کہ سالانہ تین روزہ قومی آموں اور موسمی پھلوں کی  نمائش میں حصہ لینے والے آبادگاروں کی ایک روزہ  رجسٹریشن آج صبح سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی،  میرپورخاص،  حیدرآباد ڈویزن سمیت ملک بھر کے آموں اور موسمی پھلوں کے باغات کے مالکان کو مدوع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شام 6 بجے آموں کی نمائش کی افتتاحی تقریب شہید محترمہ بے نظیر بھٹو مینگو ایگزیبیشن ہال میں منعقد ہوگی جس میں صوبائی وزیر زراعت سندھ منظور وسان مہمان خصوصی ہوں گے، اسی شام 7 بجے آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نمائش کے دوسرے روز آموں کے باغات کے مالکان اور آباد گاروں کے لیے معلوماتی سمینار  اسٹیٹ لائف آڈیٹوریم میرپورخاص میں منعقد ہوگا۔ جس کے مہمان خصوصی سیکریٹری زراعت اعجاز احمد مہیسر ہوں گے جبکہ نمائش کے تیسرے دن 4 جون کو تقسیم انعامات کی تقریب شام 4 بجے شہید محترمہ بینظیر بھٹو ایگزیبیشن ہال میں منعقد ہوگی۔  جس کے مہمان خصوصی وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ ہوں گے جو بہترین آموں کے اسٹالز مالکان کو تین کیٹیگریز  اے بی سی میں ٹاپ پر آنے والوں میں انعامات تقسیم کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ آموں کی مشہور اقسام سندھڑی  لنگڑا  دیسی  بیگن پلی  دسیری  سرولی سمیت موسمی پھلوں کی مختلف  200  اقسام کے اسٹالز مینگو ہال کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رات 9 بجے سندھ ثقافت میوزیکل نائٹ مقامی ہال میں منعقد ہوگی جس میں قومی و علاقائی فنکار صوفی گیت پیش کرکے شہریوں کو لطف اندوز کریگیں جبکہ اختتامی آتش بازی کا مظاہرہ رات 11 بجے کیا جائے گا۔

تین روزہ  قومی آموں اور موسمی پھلوں کی نمائش میں خواتین اور بچوں کے لیئے تفریحی میلا سرکس جھولے  کھانے پینےاور خریداری کے اسٹالز مینا بزار گلستان بلدیہ میں لگائے گئے ہیں جبکہ اس فیسٹیول میں سندھ کے ثقافتی کھیل  ملھ ملاکھڑا،  خصوصی افراد کی جانب سے ویل چیئر مقابلا، باکسنگ اور دیگر کھیل بھی شامل ہیں۔

  مینگو فیسٹیول کی سیکیورٹی کے حوالے سے ڈی آئی جی پولیس میرپورخاص رینج ذوالفقار علی مہر اور ایس ایس پی کیپٹن ( ر)  اسد علی چوہدری نے بشمول خواتین پولیس میگا سیکیورٹی پلان مرتب دیا ہے جو کہ مہمانان کی آمد خوش آمدید پوائنٹ،  مینگو ھال ،  گلستان بلدیہ اور دیگر جگہ پر تعینات ہونگیں۔