میرپورخاص،12جون(اے پی پی): سمندری طوفان بائپر جواء کے پیش نظر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کمشنر شفیق احمد مھیسر ، پاک آرمی کے برگیڈ 56 چھور کینٹ کے کمانڈر یاسر کی سربراہی میں کمشنر آفیس میرپورخاص میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اس موقع پر کمشنر شفیق احمد مھیسر نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنر اپنے اپنے ضلع میں سمندری طوفان سے نمٹنے کے لئے کانٹیجسی پلان بنائیں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پیشگی اجلاس منعقد کریں اور دورے بھی کریں، تمام مطلوبہ ضروریات کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں ایک کور کمیٹی تشکیل دیں جس میں پاک آرمی ، پولیس، روینیو، پبلک ہیلتھ ، صحت ، بلدیہ اور متعلقہ ادارے شامل ہوں جبکہ میونسپل کمیٹی کے افسران نالوں کی صفائی ستھرائی اور لوگوں کے پینے کے پانی کو یقینی بنائیں۔
کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں تعلقہ ہسپتالوں کے دورے کریں اور ہسپتال میں ایمبولینس ، ادویات، ڈاکٹر ، پیرا میڈیکل اسٹاف ، اور انسانی صحت کی بچاء کی تمام مطلوبہ طبی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔
شفیق احمد مھیسر نے کہا کہ قائم کیے گئے کنٹرول روم میں تمام مطلوبہ ضروریات کی فہرست کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے اور دور افتادہ علاقوں سے رابطہ کاری کے لیے پولیس سے مدد لی جائے تاکہ ہنگامی صورتحال میں بروقت مدد کے لئے پہنچا جا سکے۔
قبل ازیں اجلاس میں تمام ضلع کے ڈپٹی کمشنروں نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سمندری طوفان کے پیش نظر کانٹیجنسی پلان بنایا گیا ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زین العابدین میمن نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سمندری طوفان کے پیش نظر عوام میں احتیاطی تدابیر اپنانے کے لئے آگاہی دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ شہر کے میگا پروجیکٹ کے نالے کے ساتھ ساتھ ضلع بھر کے 17نالوں کی صفائی ستھرائی کا کام چل رہا ہے جبکہ 74 ڈی واٹرنگ پمپنگ مشینیں موجود ہیں۔
اس موقع پر ایکسیئن جمڑاؤ نعیم میمن نے بتایا کہ آبپاشی ڈویژن سے ڈرینیج نظام الگ ہو گیا ہے ، تین ذریعے سے میرپورخاص سے پانی کی نکاسی ہوتی ہے ،جن میں ڈھورو پران ، مین نالہ میرپورخاص اور ایل بی او ڈی نالے کے ذریعے شامل۔ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس وقت 16000کیوسک پانی کی طلب ہے جبکہ اس وقت روھڑی کینال سے 10500کیوسک پانی مل رہا ہے جبکہ جمڑاؤ کینال میں 8ہزار کیوسک پانی پہنچ رہا ہے اس لیے باری باری پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔
ڈی آئی جی میرپورخاص رینج ذوالفقار علی مہر نے بتایا کہ ڈی آئی جی آفس میرپورخاص میں بھی کنٹرول روم قائم کیا گیا، دور افتادہ علاقوں میں لوگوں کی فوری مدد کے لئے پولیس کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
برگیڈ کمانڈ 56چھور کینٹ کے کمانڈر یاسر نے کہا کہ پاک آرمی الرٹ رہیگی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پاک آرمی ہر ممکن مدد فراہم کریگی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ڈاکٹر ایم بی راجا دھاریجو ، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر لال ڈنو منگی ، ایڈیشنل کمشنر ون سونا خان چانڈیو ، ایڈیشنل کمشنر ٹو ڈاکٹر نواز بھوت ، ڈائریکٹر صحت میرپورخاص ، ڈائریکٹر اسکولز ایجوکیشن میرپورخاص ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ،ضلع بھر کے سول ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ، پبلک ہیلتھ انجنئرنگ ، حیسکو ،بلدیہ ، ڈائریکٹر نارا کئنال میرپورخاص اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔











