نشتر 2 اور کارڈیالوجی کا توسیعی منصوبہ جلد فعال کر کے سب نئی بھرتیاں کی جائیں گی، وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی

17

ملتان، 13 جون ( اےپی پی): نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ نشتر 2 اور کارڈیالوجی کا توسیعی منصوبہ جلد از جلد فعال کر کے سب نئی بھرتیاں کی جائیں گی جبکہ نشتر ہسپتال میں بجٹ میں رہائشی ٹاور و ایمرجنسی توسیع کیلئے رقم مختص کی جائیگی۔ ڈاکٹروں کے کیفے ٹیریا سمیت تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نشتر ہسپتال کے دورے کے دوران پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر صدر پی ایم اے ملتان پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج ،ڈاکٹر ذوالقرنین حیدر و دیگر نے مطالبہ کیا کہ نشتر میں ڈاکٹروں کے لئے رہائشی ٹاور ،نشتر ہسپتال کی ایمرجنسی کی فوری توسیع سمیت جناح ہسپتال لاہور کی طرز پر سٹیٹ آف دی آرٹ ڈاکٹرز کیفے ٹیریا فراہم کیا جائے۔ نشتر 2 اور کارڈیالوجی کے توسیعی منصوبہ کو فوری فعال کر کے وہاں نشتر ہسپتال 1 سے تبادلے کرنے کی بجائے نیا عملہ بھرتی  کیا جائے ،جس پر نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ ڈاکٹرز کیفے ٹیریا پر کام جلد شروع کریں گے ،بجٹ میں نشتر ہسپتال کے رہائشی ٹاور اور ایمرجنسی کی توسیع سے متعلق رقم مختص کی جائیگی جبکہ نشتر 2 اور کارڈیالوجی توسیعی منصوبہ مکمل فعال ہوتے ہی تمام نئی بھرتیاں کی جائیں گی اسکے علاوہ ڈاکٹرز کے سیکورٹی بل ، کے پی آئی و ایچ پی اے الاؤنس کی جلد کابینہ سے منظوری دی جائے گی۔