نوشہرو فیروز، 17جون(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر شاہ زیب شیخ نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ، میونسپل کمیٹی اور ٹاؤن کمیٹی کے افسران سے کہا ہے کہ فوری طور پر برساتی نالوں اور نالیوں کی صفائی کروائی جائے اور نکاسی آب کے لیے ضروری مشینری تیار رکھی جائے تاکہ مون سون کی متوقع بارشوں سے شہری علاقوں میں نکاسی آب کا مسئلہ نہ ہو۔
وہ آج مون سون کی بارشوں سے نمٹنے کیلئے کانٹیجینسی پلان ترتیب دینے کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے. اجلاس میں تمام تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ آبپاشی، اسکارپ،صحت، ہائی وے اور محکمہ تعلیم کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر شاہ زیب شیخ نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران سے کہا کہ مورو اور ہالانی کے مقام پر زیر مرمت سڑک کا کام جلد مکمل کروایا جائے تاکہ بارش میں مسافروں کو تکلیف نہ ہو۔انہوں نے محکمہ آبپاشی کے افسران سے کہا کہ شاہراہوں کے نزدیک نجی فش فارموں کو پانی کی سپلائی معطل کی جائے۔