لاہور۔20 جون ( اے پی پی): نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے یونیورسٹی آف لاہور میں مینجمنٹ اینڈ ڈی ایسکیلیشن آف وائیلنس کے عنوان پر منعقدہ ٹریننگ سیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔اس موقع پر سی ای او پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر ثاقب عزیز، ڈی ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر، ڈائریکٹر لاہور کالج ڈاکٹر مہوش، ڈاکٹر زاہد پرویز, عالمی ادارہ صحت سے ڈاکٹر جمشید، صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہور چیپٹر پروفیسر ڈاکٹر اشرف نظامی، ڈاکٹر مشتاق سلہریا، پرنسپل فاطمہ جناح میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر نورین اکمل، پروفیسر بلقیس شبیر، لبنیٰ مظہر اللہ اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ٹریننگ سیشن کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور قومی ترانہ سے کیا گیا۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی اہم موضوع پر ٹریننگ سیشن کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتا ہوں ڈاکٹر مریض کا علاج کرتا ہے اور اللہ مکمل شفاء دیتا ہے،کسی بھی ہسپتال میں ڈاکٹروں پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہیں مریضوں کی دعائیں ہی ایک ڈاکٹر کی سب سے بڑی دولت ہوتی ہیں۔ کسی سرکاری ہسپتال میں آج تک ہاؤس فل کا بورڈ نہیں لگا۔ہمیں ہسپتال آنے والے ہر مریض کو اپنا مریض سمجھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بطور حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میرے رول ماڈل تھے، ہیں اور رہیں گے ،نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیشہ صبر کی تلقین کی۔پنجاب میں بہت جلد ریفرل سسٹم میں بہتری لائیں گے۔اللہ پاک نے ایک ڈاکٹر کو مریضوں کی خدمت کرکے دعائیں سمیٹنے کا موقع فراہم کیا ہے میں ہر نماز کو اپنی آخری نماز سمجھتا ہوں۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر بٹن دبا کر آن لائن ڈیش بورڈ کا افتتاح کیا۔











