لاہور، 23جون(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں جیل ریفارمز سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹیکنیکل تعلیم حاصل کرنے والے قیدیوں کی سزا میں بھی کمی کی جائے گی اور سزا میں کمی کی مدت 2ماہ سے بڑھاکر 3ماہ ہوگی جبکہ سزا میں کمی کا اطلاق سال میں 2بار ہوسکے گا۔ اجلاس میں ملاقاتیوں کیلئے انتظار گاہوں میں سہولتیں بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ 8جیلو ں کی انتظار گاہوں میں سہولتیں بہتر بنانے کے پروگرام کو جلد مکمل کیا جائے اور دیگر جیلوں میں بھی انتظار گاہوں میں سہولتیں بہتر بنائی جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جیلوں میں پی سی اوز کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور قیدیوں کے لئے ویڈیو کال اور انٹرنیشنل کال کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جیل ہسپتالوں کاانتظام محکمہ صحت کے سپرد کیا جا رہا ہے اور بیرکس میں کیبل کے ساتھ ایل ای ڈی ٹی وی کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔
اجلاس میں جیل کنٹین کے فرسودہ نظام کو ختم کرنے کافیصلہ کیا گیا، ہر جیل میں فیزیکل کنٹین یا کسی بڑے سٹور کی چین یایوٹیلٹی سٹور کھولنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ تمام بیرکس اورسیل میں ایئر کولر لگائے جائیں۔ اجلاس میں کسی عزیز کے انتقال پر قیدی کو پیرول پر رہا کرنے کا اختیار سپرنٹنڈنٹ جیل کو بھی دینے کافیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ نے خصوصی دعوت پر ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔احد چیمہ نے جیلوں میں قیدیوں کو بنیادی سہولتو ں کی فراہمی او رجیل اصلاحات کے حوالے سے تجاویز دیں۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ا حد چیمہ کی تجاویز کو سراہا اور عملدرآمد کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔
چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خزانہ،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔











