نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی رحیم یار خان کا پولیس افسروں اور جوانو ں کا حوصلہ بڑھانے کیلئے کچے کا دورہ

12

لاہور،23جون ( اے پی پی ): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی رحیم یار خان کے علاقے کچے میں شرپسندوں کے خلاف جاری آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اور جوانو ں کا حوصلہ بڑھانے کیلئے کچے کے علاقے پہنچ گئے ۔

محسن نقوی نے کچے کے شرپسندوں سے کلیئر کرائے گئے مواضعات اور اندرون کچہ کا دورہ کیااور اگلے مورچوں پر تعینات پولیس کے جوانوں سے ملاقات کی اور شدید گرمی میں آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس جوانوں کے جذبے کو سراہا۔

 وزیر اعلیٰ محسن نقوی، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب اور دیگر پولیس افسران نے جوانوں کے ساتھ مل کر کھانا کھایااور ان کے مسائل سنے اور حل کی یقین دہانی کرائی۔ محسن نقوی نے کچے کے علاقے میں قائم پولیس چوکی، عارضی ڈسپنسری و سکول کا بھی دورہ کیا۔

 وزیر اعلیٰ  محسن نقوی نے سکول میں زیر تعلیم بچوں سے ملاقات کی اور تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں پوچھا۔انہوں  نے کچہ میں قائم سکول میں زیر تعلیم بچوں کو انعامات دیئے ۔محسن نقوی نے عارضی ڈسپنسری میں مریضو ں کی خیریت دریافت کی اور علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں پوچھا۔انہوں  نے بنیادی مرکز صحت گڑھی خیرکا بھی  دورہ  کیا اور سنٹر میں صحت عامہ کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے شرپسندوں سے کلیئر کرائے گئے کچے کے علاقے میں سکول اور ہسپتال کے قیام کا اعلان کیا اور پختہ تعمیرات تک مقامی آبادی کے تعاون سے مکان حاصل کرکے ڈسپنسری اور سکول فوری قائم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں  نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کو سکول اور ہسپتال قائم کرنے کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ کچہ کے عوام کو صحت و تعلیم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی پولیس فورس کے جوانوں اور ان کی فیملیز کو مکمل میڈیکل کور فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شدیدگرمی و حبس میں آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اور جوانو ں کی حوصلہ افزائی کیلئے کچے کے علاقے میں آیا ہوں۔ کچے کے علاقے میں آپریشن کامیابی سے جاری ہے اورپولیس نے ایریا شرپسندوں سے خالی کرالیا ہے۔

 وزیر اعلیٰ  نے کہا کہ قوم کو پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے جنہوں نے ہر موقع پر جرأت کے ساتھ فرائض ادا کئے۔آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اورجوانوں کی بہادری اورجذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقے میں پائیدار امن کا قیام پہلی ترجیح ہے۔ علاقے میں ترقی اور خوشحالی امن سے منسلک ہے۔ شرپسندوں کے ٹھکانے ختم کر کے مستقل انفراسٹرکچر قائم کیاجا رہا ہے۔شرپسند عناصر کو کچے کے علاقے میں دوبارہ پنپنے نہیں دیں گے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو امن و امان اور کچے کے کلیئر کرائے گئے علاقوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے تمام پولیس افسران و جوانوں کی میڈیکل سکریننگ کی گئی ہے، موذی امراض میں مبتلا پولیس ملازمین کے بچوں کی کفالت کے لیے ماہانہ وظیفے دیئے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج جس مقام پر پولیس کی چیک پوسٹ قائم ہے اس سے پہلے پولیس کی یہاں تک رسائی ممکن نہیں تھی اب کچہ میں کوئی نوگوایریا موجود نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ بہاولپور اور ڈی جی خان پولیس رینج نے قیام امن کے لئے مثالی جدوجہد کی ہے ۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جنوبی پنجاب میں کپاس کے زیر کاشت رقبے کا بھی معائنہ کیا،اور   زیر کاشت رقبے میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا اور محکمہ زراعت، انتظامیہ اور فیلڈ سٹاف کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی کاشت سے 3 اب ڈالر تک کا زرمبادلہ حاصل ہو گا۔ ملکی تاریخ میں بڑے پیمانے پر صوبہ پنجاب میں کپاس کاشت کی گئی ہے،جنوبی پنجاب انتظامیہ نے کپاس کی کاشت کے حصول کے لئے انتھک محنت کی ہے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ صوبہ میں 50 لاکھ ایکڑ رقبے پر کپاس کی کاشت کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا تھا جبکہ 96 فیصد ہدف حاصل کر لیا ہے۔

 ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں مجموعی طور پر 43 لاکھ 45 ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کی گئی ہے۔