وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے کراڑی جھمرہ روڈ ریلوے کراسنگ کا افتتاح کر دیا

13

فیصل آباد۔10جون  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے ہفتہ کی رات چک نمبر 190 ر ب کراڑی جھمرہ روڈفیصل آباد ریلوے کراسنگ کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر پاکستان ریلوے کے حکام، سابق ارکان صوبائی اسمبلی، مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں اور کارکنان سمیت اہلیان علاقہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔اس موقع پر رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ مذکورہ ریلوے کراسنگ کی تعمیر اہلیان علاقہ کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے3کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے پایہ تکمیل تک پہنچایاجارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس علاقے کے لوگوں کیلئے مزید سہولیات کی فراہمی سمیت ترقیاتی کام بھی کروائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پھاٹک کی تعمیر سے اہلیان علاقہ کو بہت فائدہ پہنچے گا جس کیلئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کا اس تقریب کے موقع پر بڑا جلسہ کرنے کا پروگرام تھالیکن موسم کی خرابی کے باعث جلسہ ملتوی کرنا پڑا تاہم بہت جلد یہاں ایک عظیم الشان جلسہ منعقد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حلقہ کے عوام کی بے لوث خدمت ان کی اولین ترجیح ہے کیونکہ انہوں نے اپنے ووٹ سے انہیں عزت دی اور آج وہ انہی کے ووٹوں کی بدولت کامیاب ہوکر اس منصب پر فائز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے پہلے بھی حلقہ کے عوام کی بلاامتیاز خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے اور آئندہ بھی اپنے ووٹرز کے مسائل کے حل، انہیں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی اور حلقہ میں تعمیراتی و ترقیاتی کاموں میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔