اسلام آباد،17جون (اے پی پی):وزیر اعظم ٹاسک فورس برائے گندھارا ٹوررزم کے چیئرمین اور وزیر مملکت ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا کہ پاکستان فطری حسن ، مذہبی و ثقافتی سیاحت سے بھر پور سیاحتی مقامات اور صلاحیتوں سے مالا مال ملک ہے جو مختلف تہذیبوں کا گہوارہ ہے،وزیر اعظم کی ہدایت پر گندھاراکی ثقافت کو اجاگر کرکے سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ٹاسک فورس کی جو ذمہ داریاں سونپی گئی ہے اس بھر پور طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے ،سیاحت کے حولاے سے پہلی تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرانے جا رہے ہیں جو 11 سے 13 جولائی تک یہاں منعقد ہوگی تاکہ دنیا بھر کے سیاحوں کو راغب ہوسکیں ۔
وہ ہفتہ کوپاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے) میں سفارت کاروں کے اعزاز میں منعقدہ گندھارا ورورثہ کے 50 سے زائد معروف مقامات پر مشتمل ثقافتی نمائش کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کانفرنس سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گی بلکہ اس سے آمدنی بھی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ہم غیر ملکی معززین کو پاکستان میں حفاظت، سکیورٹی، ویزہ، نقل و حمل، رہائش اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے ذریعے ان کا خیرمقدم کریں گے، کانفرنس بین الاقوامی سطح پرملک کے مثبت تشخص کو فروغ دینے کی راہیں ہموار کرے گی۔
ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا کہ ان کا وژن ہے کہ دنیا بھر سے 0.1 ملین بین الاقوامی سیاح لا کر اربوں روپے کما سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں سیاحت کے فروغ پر سنجیدگی سے توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مذہبی اور ثقافتی سیاحت سے مالا مال ہے اور یہ بہت سے ورثے کے مقامات، یادگاروں اور تاریخی عمارتوں کا گھر ہے جو اس خطے کی تاریخ کی متنوع تہوں کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گندھارا تہذیب کے ارد گرد سیاحت کی بے پناہ صلاحیت کو دیکھتے ہوئے، وزیر اعظم ٹاسک فورس ملک میں گندھارا کی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔
وزیر اعظم ٹاسک فورس کے چیئرمین نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اور ملک کے دیگر حصوں میں ہندو اور بدھ مت کے مذاہب کے شواہد موجود ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنےکی ضرورت پر دیا اور کہا کہ پاکستان پرامن اور امن پسند ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے قومی اخبارات میں انگریزی، اردو اور سندھی زبانوں میں شائع ہونے والے کالم لکھے ہیں اور ملکی اور غیر ملکی میڈیا میں ٹاک شوز میں حصہ لیا ہے تاکہ ملکی اور غیر ملکی معززین کو ملک میں سیاحت کے وسیع امکانات سے آگاہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ٹاسک فورس نے ایک ماہ کے اندر ہر بدھ کو شاہ اللہ دتہ، تخت بائی اور سوات کے دوروں کا ایک سلسلہ ترتیب دیا ہے تاکہ گندارا دور میں تعمیر کردہ مقدس مقامات اور یادگاروں کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وفد بشمول عہدیداران، فن سے محبت کرنے والے، میڈیا اور دیگر معززین نے تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر ٹیکسلا کی قدیم ثقافت پر مبنی شو، کیلاش ڈانس، لیوا پرفارمنس، منتر پرفارمنس اور جہانگیر ساگر کی لوک پرفارمنس نے شرکاء کو خوب محظوظ کیا۔