ڈی جی خان؛ کمشنر نے زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کےلئے چار روز کا وقت دے دیا، نادہندگان کو گرفتار،جائیدادیں ضبط کرنے کی ہدایت

59

 ڈی جی خان،17 جون (اے پی پی ): کمشنر  ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا ہے کہ ڈی جی خان ڈویژن میں زرعی انکم ٹیکس کی 100 فیصد وصولی کےلئے چار روز کا وقت دیا گیا ہے، نادہندگان کو گرفتار کرنے کے ساتھ جائیدادیں ضبط کی جاسکتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے   ہفتہ کو یہاں  ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سرکاری واجبات کی وصولی اور ریونیو معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فخر الاسلام ڈوگر نے بریفنگ دی۔

 کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے چاروں اضلاع کے تمام 251 ریونیو سٹیٹ کو اگست سے قبل ڈیجیٹلائز کرنے کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو افسران سرکاری واجبات کے ٹارگٹ پورے کریں۔فرائض میں عدم دلچسپی پر ریونیو افسران کے خلاف کارروائی ہوگی،ہر آفیسر کو اپنا کام کرنا ہوگا۔

کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز روزانہ اجلاس کرکے پیشرفت کا جائزہ لیں۔ریونیو کی غائب دستاویزات برآمد کرائی جائیں،مالی مفادات کےلئے انتقالات اور دیگر دستاویزات جان بوجھ کر غائب ظاہر کی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آبیانہ اور مالیہ کی وصولی کےلئے ریونیو اور انہار افسران ملکر کام کریں،تمام دیہی مراکز مال کو فعال کیا جائے،تحصیل سطح پر ای رجسٹریشن فنکشنل رکھی جائے۔

کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے مزید کہا کہ کسی بھی محکمے میں مالی بدعنوانی ہر گز برداشت نہیں ہوگی۔

چاروں ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان لک ،محمد سلمان لودھی ،خالد پرویز اور ڈاکٹر منصور بلوچ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ،اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو افسران شریک تھے۔