پاکستان میں بائیو ٹیکنالوجی انڈسٹری کے فروغ کی اشد ضرورت ہے؛نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم

2

لاہور، 03 جون(اے پی پی): نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا  ہے کہ پاکستان میں بائیو ٹیکنالوجی انڈسٹری کے فروغ کی اشد ضرورت ہے، جناح برن سنٹر میں موروثی بیماریوں سے متاثرہ چار ہزار سے زائد خاندان رجسٹرڈ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے   ہفتہ کو یہاں   جناح برن اینڈ ری کنسٹرکٹو سرجری سنٹر میں اہم اجلاس  کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دوران موروثی بیماریوں میں مبتلا بچوں کے علاج کے حوالہ سے اقدامات کا جائزہ لیا۔

نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ موروثی بیماریوں میں مبتلا بچوں کے علاج کے حوالہ سے آج اہم اجلاس منعقد ہوا ہے۔ ہمیں اپنے معاشرے کو موروثی بیماریوں سے محفوظ بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جلد چلڈرن ہسپتال سمیت لاہور کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں اس حوالے سے سمینار منعقد کروائے جائیں گے۔

ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ حکومت پنجاب اور پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن کلینیکل ریسرچ میں معاونت کریں گے، جناح ہسپتال کا برن سنٹر مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کررہا ہے۔ انہوں  نے کہاکہ جناح برن سنٹر میں ریسرچ کے مختلف پراجیکٹس شروع کئے جائیں گے، پاکستان میں بائیو ٹیکنالوجی انڈسٹری کے فروغ کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ جناح برن سنٹر میں موروثی بیماریوں سے متاثرہ چار ہزار سے زائد خاندان رجسٹرڈ ہیں۔

اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر کامران خالد ودیگر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔