عازمین حج کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے؛ڈائریکٹرحج لاہوراقرار احمد

4

فیصل آباد،3جون  (اے پی پی):ڈائریکٹرحج لاہوراقرار احمدنے کہاہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزارت مذہبی امورکی جانب سے اس سال عازمین حج کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش جارہی ہے،عازمین حج اپنے ملک کے سفیر ہوتے ہیں حجاج کرام کو سعودی حکومت کے قوانین پر عمل پیرا ہوں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ  کو حاجی کیمپ سرگودھا روڈ فیصل آباد کے دورہ کے موقع پر کیا۔انہوں نے حاجی کیمپ میں قائم مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور عازمین حج کو دی جانے والی سہولیات پر اطمینان کااظہار کیا وہ حجاج کرام سے بھی ملے اور ان سے مسائل معلوم کئے۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین حج کیلئے ہوٹوں میں بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جبکہ حج مشن میں ہسپتال بھی قائم کئے گئے ہیں جن میں چوبیس گھنٹے ڈاکٹرز او ر پیرا میڈیکل سٹاف دستیاب ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے اس سال حجاج کرام کیلئے شاندار انتظامات کئے ہیں تاکہ وہ پورے خشوع و خضوع اور انہماک و سکون کے ساتھ مناسک حج کی ادائیگی یقینی بناسکیں۔

ڈائریکٹر حج نے کہا ہے کہ عازمین حج کو حفاظتی ٹیکے لگانے کا سلسلہ بھی شروع ہے۔عازمین حج کو ویکسین لگوا ئی جارہی ہے جس میں گردن توڑ بخار اور انفلوئنزا سے بچاوکے ٹیکے بھی لگائے جارہے ہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی حکومت کی ہدایت کے مطابق تمام عازمین حج کو پولیو ویکسین کے قطرے، کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے کے لئے خصوصی کانٹر قائم کیا گیا ہے جبکہ کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز صرف ایسے عازمین کو لگائی جائے گی جنہوں نے گزشتہ چھ ماہ میں یہ ویکسین نہیں لگوائی۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹرحج محمد عارف ظہور نے نے بریفنگ دیتے ہوئے  بتایا کہ فیصل آباد سے 21مئی سے حج آپریشن شروع کیا گیا تھا جو16جون تک جاری رہے گا۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد سے 3260حجاج کرام فیصل آباد سے مختلف  پروازوں کے ذریعے سعودی عرب روانہ ہونگے۔انہوں نے بتایاکہ اب تک5فلائٹس جاچکی ہیں جبکہ 17فلائٹس ابھی جانا باقی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حاجی کیمپ میں حجاج کرام کی حج تربیت سمیت تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔