پاکستان میں بیرونی سرمایہ کار ی لانے کےلئے ملک میں امن اور سیاسی استحکام کا ہونا لازم ہے؛ طاہر محمود اشرفی

14

لاہور،18جون  (اے پی پی):وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرقی وسطی و چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کار آنے کو تیار ہیں جس کیلئے ملک میں امن اور سیاسی استحکام کا ہونا لازم ہے ، ان مظلوموں کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں جو سمندر کی لہروں کی نذر ہو گئے ۔وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جن مجرموں نے ان کو بھیجا ان کیخلاف ایکشن لیا جائے ۔

 اتوار کو  یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وہ لوگ بڑے ظالم ہیں جو انسانی جانوں سے کھیلتے ہیں ،اس طرح کے جتنے بھی ایجنٹ ہیں ا ن کو گرفتار کیا جائے ، پاکستانی نوجوان جتنی محنت بیرون ملک جا کر کرتے ہیں وہ اتنی  محنت پاکستان میں رہ کر کر یں اور اپنے خاندان والوں کے ساتھ رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بہتری کی طرف جانا ہے ، تجارت کے حوالے سے پاکستان کے روس اورد یگر ممالک کے ساتھ معاملات بہتر ہو رہے ہیں ،پاکستان کے اندر انویسٹرز آنے کو تیار ہیں مگر اس کیلئے ملک میں امن اور سیاسی استحکام کا ہونا لازم ہے کیونکہ سیاسی استحکام سے ہی معاشی استحکام آ ئے گا۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ گزشتہ 75 سالوں میں احتجاج ہوئے لیکن ایسا نہیں ہوا جو واقعہ نو مئی کو ہوا،کیا غصے میں آ کر کبھی کوئی اپنے شہداء کی بے حرمتی کرتا ہے ،پاکستان دنیا کے بہت سے ممالک سے بہتر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے آئین اور قانون سے کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،ہمیں سیاسی لڑائی سے کوئی غرض نہیں لیکن اگر ملک میں امن اور سلامتی نہیں لائیں گے تو نوجوان اسی طرح ڈوبتے رہیں گے۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ حج کے بعد بہت سے دوست ممالک پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونگے ،ایک ماہ دس دن ہو گئے ہیں جو مجرم بڑے واضح ہیں ابھی تک ان کی سزائیں ہوتی نظر نہیں آ رہی ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ بے گناہ کو ایک دن بھی جیل میں نہیں رکھا جانا چاہیے جبکہ نو مئی کے مجرموں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے ،ہم چاہتے ہیں کہ جو کارکن کسی توڑ پھوڑ میں ملوث نہیں ان کو چھوڑا جائے ۔