پولیس  افسران  قابلیت، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ خدمت خلق کو  شعار بناکر محفوظ معاشرے کے قیام میں کردار اداکریں؛ سی سی پی او لاہور

24

لاہور،3جون  (اے پی پی):سربراہ لاہور پورلیس بلال صدیق کمیانہ نےکہا ہے کہ پولیس  افسران  قابلیت، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ خدمت خلق کو  شعار بناکر  محفوظ معاشرے کے قیام میں  کردار اداکریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ پولیس سندھ کے سپیشلائزڈ ٹریننگ کورس کرنیوالے انڈرٹریننگ ڈی ایس پیز  کے 33رکنی وفدسے  گفتگو میں   کیا ، جنہوں نے پیر کو  یہاں ڈی آئی جی محمدنعمان صدیقی کی قیاد ت میں  سی سی پی او سے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران ایس ایس پی(ڈسپلن)عمران کشوراور ایس پی(ڈولفن) زوہیب رانجھاسمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پرعمران کشورنے سندھ پولیس کے زیر تربیت افسران کو لاہور پولیس کے تنظیمی ڈھانچے سے متعلق بریفنگ دی۔سندھ پولیس کے وفد کو لاہور پولیس کی پیشہ ورانہ تربیت، کارکردگی،جرائم کی روک تھام اور دیگر ذمہ داریوں سے آگاہ کیا گیا۔وفدکو لاہور پولیس کی امن عامہ کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

سی سی پی او نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں،لاہور پولیس کے شہدا اور غازیوں کے خاندانوں کی بھلائی اور دیکھ بھال پر خاطر خواہ تو جہ دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ شہدائے پولیس کے خاندانوں کی دیکھ بھال کیلئے ایک بھر پور پیکیچ متعارف کروایا گیا ہے تا کہ انہیں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس قیام امن میں ہراول دستہ ہے جس نے محفوظ معاشرے کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس دیگر صوبوں کے محکمہ ہائے پولیس کو تربیتی و تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔

بلال صدیق کمیانہ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے اس کہا کہ پولیس فورس کا حصہ بننے والے افسران اپنی قابلیت، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ خدمت خلق کو اپنا شعار بناکر ایک محفوظ معاشرے کے قیام میں اپنابھر پور کردار اداکریں۔انہوں نے کہا کہ ایماندار، محنتی، قابل اور فرض شناس افسران محکمہ پولیس کا اثاثہ ہیں۔انہوں نے سندھ پولیس کے انڈرٹریننگ افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ پر کبھی سمجھوتہ نہ کریں۔

اس موقع پر وفد نے لاہور پولیس کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔وفد کا کہنا تھا کہ لاہور سے خوشگوار یادیں لے کر جا رہے ہیں۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور اور وفد کے سربراہ کے مابین یادگاری سونیئرکا تبادلہ بھی ہوا۔