ڈیرہ غازی خان،16 جون ( اے پی پی):سیکریٹری محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب مہر محمد حیات لک نے ڈیرہ غازیخان میں دیہی مرکز صحت سرور والی کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے اسٹاف کی حاضری، صفائی کی صورتحال، ادویات کی دستیابی و فراہمی اور بائیو میڈیکل آلات و مشینری کے فنکشنل ہونے اور سروس ڈیلیوری کے عمل کا جائزہ لیا۔
مہر محمد حیات لک نے مرکز صحت پر زیر علاج مختلف مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے فراہم کردہ سہولیات اور عملہ کے سلوک بارے بھی استفسار کیا۔ انہوں نے مرکز صحت پر ادویات کی دستیابی، مختلف آلات کے فنکشنل ہونے اور صفائی کی بہتر صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انچارج مرکز صحت ڈاکٹر شجیع کھوسہ اور دیگر اسٹاف کو مزید لگن اور جذبے سے کام کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز صحت کے گراسی لان کو خوبصورت بنا کر اور مرکز صحت کے احاطہ سے خودرو جھاڑیاں فوری ختم کرکے مرکز صحت کو مزید خوبصورت اور جاذبِ نظر بنایا جائے۔
انہوں نے مرکز صحت کے عملہ اور زیر علاج مریضوں کے تیمارداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو ہمہ وقت موثر طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں اور دیگر عملہ کی جانب سے مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے نارواسلوک کی شکایات ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔