ڈیرہ غازیخان،24 جون (اے پی پی):بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مراکز میں بد نظمی اور سہولیات کے فقدان کا حکومتی سطح پر نوٹس لینے کے بعد ڈی جی خان ڈویژن میں مراکز، ریٹیلرز کی تعداد اور اوقات کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن کریم بخش کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان نے متعلقہ معاملات پر ہدایات جاری کیں۔چاروں ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان لک،محمد سلمان لودھی،خالد پرویز،ڈاکٹر منصور بلوچ،چاروں ڈی پی اوز اور متعلقہ افسران موجود تھے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈی جی خان ڈویژن میں نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مراکز اور اوقات بڑھانے،ہر مرکز پر سکیورٹی،ریسکیو 1122 اور ہیلتھ کیمپس فعال کرائے جائیں۔اس کے علاوہ مراکز میں سایہ،ٹھنڈا پانی،نظم و ضبط اور ٹوکن سسٹم بہتر کیا جائے۔ سنٹر 9 بجے صبح کی بجائے صبح سات سے پانچ بجے سہ پہر تک فنکشنل رکھے جائیں۔
آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مراکز کی سکیورٹی اور نظم و ضبط کو بہتر کیا جائے،شدید گرمی اور حبس سے خواتین کی بے ہوشی اور دیگر ناخوشگوار واقعات بڑھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سایہ،ٹھنڈا پانی،پنکھے اور دیگر ممکنہ انتظامات کئے جائیں۔
ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن کریم بخش نے کہا کہ مراکز اور ریٹیلرز کی تعداد بڑھائی جائے۔امدادی رقوم میں ناجائز کٹوتی پر کارروائی کی جائے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ ڈی جی خان ضلع میں امدادی رقوم کی بہتر تقسیم کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے،ضلع میں ایک لاکھ 86 ہزار خاندان بسپ سے مستفید ہورہے ہیں۔











