کاروبار کے فروغ سے بےروزگاری کا خاتمہ اور ملکی معیشت کو استحکام ملے گا، حاجی غلام علی

14

ایبٹ آباد،9 جون(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ کاروبار کے فروغ سے بےروزگاری کا خاتمہ اور ملکی معیشت کو استحکام ملے گا، صوبہ کے تمام شہروں میں دور جدید کے تقاضوں کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، بزنس کمیونٹی کو جہاں میرے تعاون کی ضرورت ہو میرے دروازے کھلے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار گورنر حاجی غلام علی نے اپنے دورہ ایبٹ آباد کے دوران، مانسہرہ روڈ پر واقع جدید نوعیت کے فرنیچر پر مبنی شو روم کے افتتاح کے موقع پر کیا۔گورنر نے جدید نوعیت کے تیار کردہ ترکش ڈیزائن، مقامی و بین الاقوامی ڈیزائن کے مطابق تیار کئے گئے فرنیچر و دیگر انٹریئر سامان کا معائنہ کیا اور شو روم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپنی نوعیت کا یہ بہترین ہوم ڈیکور شو روم کا قیام مقامی آبادی کیلئے بڑی سہولت ہے۔

گورنر نے کہا کہ پاکستان میں لکڑی پر گل کاری سے بننے والے فرنیچر کو بیرون ممالک میں بھی بہت پسند کیا جاتا ہے، اسلئے جدید طرز پر قائم اس شو روم سے مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

افتتاحی تقریب میں سابق رکن قومی اسمبلی بابر نواز اعوان، فیاض تنولی، حاجی طارق سلطان، قیصر خان داودزئی، منیر شنواری، صفدر زمان شاہ سمیت بزنس کمیونٹی، چیمبر صدور اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔