گوجرانوالہ؛پنڈوری کلاں کے جانبحق ہونے والے چھ نوجوانوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا

31

گوجرانوالہ، 23جون(اے پی پی): یونان کشتی حادثہ، وزیرآباد کے علاقہ پنڈوری کلاں کے چھ لاپتہ نوجوانوں کی جاں بحق ہونے کی تصدیق کے بعد انکی غائبانہ نماز جنازہ ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں سینکڑوں لوگوں  نے شرکت  کی۔

یونان کشتی حادثہ میں وزیرآباد کے 12 لاپتہ تارکین میں سے پنڈوری کلاں کے چھ نوجوانوں  بلال ،عمر ،زین چٹھہ ،نبی احمد ،نعمان اور مہران کے حادثہ میں جاں بحق ہونے کی تصدیق ہونے  پر انکی غائبانہ نماز جنازہ ادا کر دی گئی  ہے۔واقعہ میں لاپتہ دو نوجوانوں زین چٹھہ اور نبی احمد کے بھائی نے اٹلی سے یونان پہنچ کر تصدیق کی کہ نعشیں شناخت کے قابل نہیں ۔علاوہ ازیں ایجنٹ نے لاپتہ نوجوانوں کے بھائی کو فون کر کے تصدیق کی کہ پنڈوری کلاں کے چھ نوجوان اسی کشتی کے مسافر تھے جسے حادثہ پیش آیا، نوجوانوں کی ہلاکت کی تصدیق ہونے کے بعد علاقہ بھر کی فضا سوگوار ہو نے پر ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔

 لاپتہ ہونے والے نوجوانوں کے گھروں میں سوگ کی کیفیت ہے اور اہلخانہ اپنے پیاروں کی جدائی میں دھاڑیں مار کر روتے رہے۔