گوجرانوالہ، 14 جون( اے پی پی )چیف ایگزیکٹوگیپکو انجینئر محمد ایوب نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خاں، سیکرٹری پاور ڈویژن راشد محمود لنگڑیال اور چئیرمین گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد شعیب بٹ کی ہدایت پرکراچی/سندھ میں آنے والے متوقع سائیکلون ”بپرجوائے” کے حوالے سے ممکنہ تباہی سے نمٹنے اور بجلی کی فوری بحالی کیلئے گیپکو کے چیف انجینئر کی سربراہی میں گیپکو کے220 ماہرانجینئراور تربیت یافتہ آپریشن سٹاف پر مشتمل ٹیموں کو میر پور خاص روانہ کر دیا گیا ہے۔
گیپکو کا تربیت یافتہ آپریشن سٹاف ممکنہ سائیکلون کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات سے نمٹنے کیلئے مقامی ٹیموں کے ساتھ پیشگی کاروائیاں سرانجام دے گا اورکسی بھی قسم کی ہنگامی صورت حال میں متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فوری بحالی کوممکن بنائے گا۔ وفد ایک چیف انجینئر، ایک سپرنٹنڈنٹ انجینئر، تین ایکسیئنز، 5لائن سپرنٹنڈنٹس، 70لائن مین اور 140اسسٹنٹ لائن مینوں پر مشتمل ہے ۔
اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو گیپکو انجینئر محمد ایوب نے بتایا کہ گیپکو سینئر افسران کی سربراہی میں ہر طرح کے ساز و سامان سکے ساتھ گیپکو کی آپریشن ٹیمیں کو کراچی کے ساحلی علاقوں میں ممکنہ طور پر پیدا ہوننے والے حالات سے ہنگامی بنیادوں پر نمٹنے کیلئے مامور کیا گیا ہے یہ ٹیمیں مقامی ڈسٹری بیوشن کمپنی کی ٹیموں کے ساتھ مل کر بجلی بحالی کے کاموں میں بھرپور کردار اداکریں گی۔











