اوکاڑہ،18جولائی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران تمام سرکاری محکمے اپنے کام کو فرض سمجھ کر ادا کریں ، مقدس ایام میں تمام سرکاری محکمے باہمی ربط و رابطہ سے طے شدہ حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام کے دوران سرکاری محکموں کی جانب سے کیے گئے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا کہ مجالس اورعزاداری کے جلوسوں کے سکیورٹی روٹس کی صفائی ستھرائی ،عارضی تجاوزات کا خاتمہ، سڑکوں کی مرمت، بجلی و ٹیلی فون کی لٹکتی ہوئی تاروں کو اونچا کرنے ،جلوسوں کے روٹس پر لگائی جانے والی پانی کی سبیلوں اور لنگروں کے سٹالز کی جانچ پڑتال اور نگرانی کےساتھ ساتھ عزاداروں کو طبی امداد فراہم کرنے کیلئے تمام اقدامات فول پروف ہونے چاہئیں۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مجالس اور عزاداری کے جلوسوں کے منتظمین سے رابطہ میں رہیں۔ کنٹرول روم کو 24گھنٹے فکشنل رکھا جائے بجلی اور سوئی گیس محکمہ کی ٹیمیں ہمہ وقت کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں۔ انہوں نے ٹریفک پلان پر عملدرآمد ،جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی اور روشنی کے بہتر انتظامات کیلئے بجلی کی تواترسے فراہمی کے ساتھ ساتھ سینڈ بائی جنریٹر کے انتظامات کی بھی ہدایت کی۔